لاہور میں متعین ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری سبکدوش،الوداعی ملاقاتیں جاری
شیعیت نیوز:ایرانی قونصلیٹ لاہور میں انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران کے وفد نے قونصل جنرل ایران لاہور سے ملاقات کی۔ قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری جو کہ اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ایران واپس جا رہے ہیں، نے لاہور میں انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران کے وفد سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر چئیرمین چیف منسٹر ٹاسک فورس آن ایجوکیشن پنجاب عمران مسعود نے دونوں ممالک کے تعلقات بالخصوص علمی میدان میں پیشرفت کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سطح پر پاکستان اور ایران کیلئے مشترکہ کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران چائنہ اور دیگر ممالک کیساتھ کاروبار میں نئے انداز میں تیزی اور بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری نے انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط میں اضافہ کیلئے ہم ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ امید ہے کہ انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران اسی طرح دونوں برادر ممالک کے درمیان خدمات انجام دیتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر ہونیوالا حملہ ناکام، تکفیری دہشتگرد ہلاک
انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران کے صدر شبیر احمد شگری نے قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری کی ایران و پاکستان کے روابط کے حوالے سے بیش بہا خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کہ اس وقت پاکستان میں انرجی کا بحران ہے، گیس بجلی اور پٹرول کی شدید قلت ہے۔ محمد رضا ناظری اور ایرانی سفیر نے پاکستان کو سستے داموں انرجی کی پیشکش کی جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان زیارتی، سیاحتی، علمی اور تجارتی وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری انجمن دوستی و روابط پاکستان و ایران لعل مہدی خان نے محمد رضا ناظری کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی شاعری پڑھ کر سنائی اور اس کا فریم تحفتاً ان کو پیش کیا۔ ڈاکٹر نجم الحسن خان نے سکولوں میں فارسی تدریس قائم کرنے کی تجویز دی۔ اس موقع پر فرسٹ قونصل صادق فلاح مرتضی فراتی، شیخ علی جاوید جعفری، علامہ محمد حسین گولڑوی، حنیف قمر، عظیم چودھری، حاجی زاھد محمود، چودھری افتخار کمبوہ، محمد نصیر ایڈووکیٹ اور حمزہ جعفری بھی موجود تھے۔







