مزار امام زادہ عبداللہ شاہ غازیؑ پر مجلس وماتم کے جرم میں گرفتار 8 عزادار تین ماہ بعد بھی آزاد نہ ہوسکے

09 دسمبر, 2022 12:26

شیعیت نیوز: امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازی علیہ السلام کے مزار اقدس پر ان کے جد امجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت پر پرسہ پیش کرنے اور مجلس و ماتم برپا کرنے کے جرم میں گرفتار 8 عزاداروں کو تین ماہ بعد بھی رہائی نامل سکی۔انسداددہشت گردی عدالت نے مسلسل 8ویں پیشی پردرست چالان پیش نہ کرنے پر بجائے پولیس کو سزادینے کے عزادارجوانوں کو مزید جیل میں قید کاٹنے کیلئے چھوڑ دیا۔ کیس کی سماعت 14 دسمبر تک کیلئے ملتوی ۔

تفصیلات کے مطابق 28 صفر المظفر روز شہادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے موقع پر کلفٹن کراچی میں مدفون انکے پوتے امام زادہ حضرت عبداللہ شاہ غازی علیہ السلام کےمزار اقدس پر مجلس وماتم کرنے کے جرم میں گرفتار 8 عزادارتاحال جیل سے رہا نہ ہوسکے۔

انسداددہشت گردی عدالت میں آج تقریباً 8ویں پیشی پر بھی معزز جج صاحب نے وہی روائتی اعتراض کہ درست چالان اب تک کیوں پیش نہیں کیا گیا اور اس سے قبل 24 افراد کس حیثیت میں چھوڑے گئے ؟ جیسے سوالات کے بعد کیس کی سماعت 14 دسمبر تک پھر ملتوی کردی ۔

یہ بھی پڑھیں: انتظامیہ ضلع وسطی کراچی نے شہادت دختررسول ؐ حضرت فاطمہ زہراؑ کے جلوس عزا کی NOCمنسوخ کردی

واضح رہے کہ اس کیس میں نہتے عزاداروں پر 7ATA جیسی دہشت گردی کی دفعات لگا کر انہیں مسلسل تین ماہ سے قید وبند کی صعوبتیں جھیلنےپر مجبور کیا ہوا ہے ۔ متعلقہ پولیس افسران ناقابل فہم وجوہات کی بناء پردرست چالان تاحال عدالت کے روبرو پیش نہیں کررہے ۔ عدالت بھی اس کیس میں کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھا رہی جب کہ واضح طور پر شواہد کے مطابق جن عزاداروں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ان کے پاس سے ماچس یا نیل کٹر تک برآمد نہیں ہوا۔

بلاجواز گرفتار عزاداروں کے اہل خانہ کے اضطراب میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ ان گرفتار شدہ عزاداروں میں اکثر اپنے گھروں کے واحد کفیل تھے جن کی قید کے بعد ان کے گھروں میں فاتوں کی نوبت آن پہنچی ہے، لیکن افسوس ہمارا ناقص نظام انصاف اربوں روپے کی چوری کرنے والوں اور ایک ارب پتی باپ کی بگڑی قاتل اولاد کو تو فوری عدالتی ریلیف فراہم کردیتا ہے لیکن معمولی قصور کے ذمہ دار غریب قیدیوں کو کئی کئی سال عدالتوں کے دھکے کھانے پر بھی انصاف نہیں ملتا۔

ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑیں مسلسل شیعیان حیدر کرارؑ کو دبانے اور ان کی مذہبی آزادیوں پر شب خون مارنے کی کوششوں میں مصروف ہیں کبھی جلوسوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے تو کبھی آل رسولؐ کے مزارات پر مجلس وماتم کو جرم قراردیکر اپنے ہی شہریوں کو کئی کئی ماہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے اذیت دی جاتی ہے ۔

4:45 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top