طالبان کی حکومت میں ایک اور شیعہ عالم شیخ مدار علی کریمی کو عہدہ مل گیا
شیعیت نیوز: افغانستان میں طالبان نے ایک شیعہ عالم دین شیخ مدار علی کریمی کو وزارت ٹرانسپورٹ کا معاون مقرر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان انتظامیہ نے افغان شیعہ عالم دین شیخ مدار علی کریمی کو وزارت ٹرانسپورٹ میں فائننشل اینڈ ایڈمنسٹریٹیو (financial and administrative) ڈائریکٹر مقرر کیا ہے اور انہوں نے اپنا کام بھی شروع کردیا ہے۔
اس موقع پر شیخ مدار علی کریمی نے کہا کہ وہ اپنا دینی اور شرعی فریضہ سمجھتے ہوئے افغانستان کے عوام کی یکساں طور پر خدمت کریں گے۔
طالبان انتظامیہ میں اب تک 3 شیعہ مسلمانوں کو اس قسم کا عہدہ مل چکا ہے۔ اس سے قبل عبداللطیف نظری وزارت اقتصاد اور حسن غیاثی وزارت صحت کے ڈائریکٹر مقرر کئے جا چکے ہیں۔
طالبان نے 15 اگست 2021 میں افغانستان میں حکومت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیا اور اس کے بعد انہوں نے ایک وسیع البنیاد قومی حکومت کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ اس سلسلے میں ابھی تک عالمی برادری کی توقعات کو پورا نہیں کر پائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر فائرنگ، گارڈ زخمی
دوسری جانب افغان شہر قندھار میں پاکستانی قونصل خانے کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ “ہیک” کر لیا گیا۔
قونصل خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب مشن کی عارضی بندش کے بارے میں ٹوئٹ کیا گیا جس کے فوراً بعد ہی قونصل جنرل طارق علی نے تصدیق کی کہ پاکستانی قونصل خانے کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا جسے فوری طور پر بحال کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے ایک روز قبل ہی صحافی انس ملک نے ٹوئٹ کیا تھا کہ پاکستان قندھار میں اپنا قونصل خانہ دو دن کے لیے بطور احتجاج بند کر دے اور طالبان حکومت پر زور دے کر کہ وہ ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کے خلاف کارروائی کرے اور انہیں محفوظ پناہ گاہیں نہ دے اور اس ضمن میں سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا پہلا قدم ہوسکتا ہے۔







