علماء معاشرے میں امن، اخوت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں، کربلا میں پاکستانی علماء کا وفد

19 اکتوبر, 2026 09:43

شیعیت نیوز : سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی کی قیادت میں پاکستانی علماء کرام کے ایک وفد نے کربلائے معلی میں حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ امور دینی کے ذمہ دار شیخ احمد صافی سے ملاقات کی، جس میں ملکی و علاقائی صورتحال، زائرین کو درپیش مسائل اور بین المذاہب ہم آہنگی و اتحاد امت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : یمن سعودی جنگ میں پاکستان فریق کے بجائے آرٹیکل 40 کے تحت ثالث بنے، ملت تشیع پاکستان کا قومی اجلاس

وفد میں مولانا سید کرار الحسینی، مولانا کرم علی حیدری، معروف نوحہ خوان سید شادمان رضوی اور دیگر علمائے کرام شامل تھے۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں علماء کرام، دینی شخصیات اور مذہبی و سماجی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات کے بجائے مشترکہ دینی و انسانی اقدار کو اجاگر کریں اور معاشرے میں امن، اخوت، باہمی احترام اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

اس موقع پر عتبات عالیات کے زائرین کی خدمت، ان کی سہولیات میں بہتری اور مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے درمیان محبت و ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

شیخ احمد صافی نے بلتستان کی دینی، علمی اور سماجی خدمات پر مسرت کا اظہار کیا اور وہاں کے علماء کرام، بزرگوں اور دینی شخصیات کی علمی و تبلیغی کاوشوں اور معاشرے میں ان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر سید شادمان رضوی اور شیخ احمد صافی نے عربی میں نوحہ پڑھ کر جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کو پرسہ پیش کیا۔

یہ ملاقات دینی قیادت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، باہمی تجربات سے استفادہ کرنے اور اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

10:37 صبح اکتوبر 19, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔