ایرانی قوم کی ترقی کے خلاف امریکی غصہ اور دشمنی بدستور جاری ہے، صدر رئیسی

20 نومبر, 2022 15:24

شیعیت نیوز: آیت اللہ رئیسی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آج امریکہ کی قیادت میں ایرانی قوم کے خلاف تسلط پسندانہ نظام کی دشمنیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کہا کہ ایرانی قوم کی ترقی کے خلاف امریکیوں کی سازشیں اور ہٹ دھرمیاں ہمیشہ سے جاری رہی ہیں۔ کئی دہائیاں گزر گئیں لیکن امریکہ اپنی ناکامیوں سے سبق نہیں سیکھ سکا۔

ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے عمان کے وزیر خارجہ السید بدر البوسعیدی سے ملاقات میں تہران اور مسقط کے تعلقات کو مضبوط اور گہرے قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی خواہشات کے باوجود ایران اور عمان کے تعلقات روز بروز مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر عمل درآمد کیلئے مثبت اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی مسائل میں ایران کے ساتھ تعاون کیلئے عمان کے اصولی موقف کو سراہا اور منصفانہ معاہدے کے حصول کے لئے اسلامی جمہوریہ کی آمادگی کے موقف پر تاکید کی اور کہاکہ بعض علاقائی اور بین الاقوامی فریق باقاعدگی سے ایران کے ساتھ تعاون کا پیغام دے رہے ہیں لیکن عملی میدان میں ان کا طرز عمل ان کی موقف سے مختلف ہوتا ہے، یہ منافقت ان کیلئے باعث ندامت و پشیمانی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں : ملائشیا الیکشن، 177 نشستوں پر ووٹوں کی گنتی مکمل، انور ابراہیم اتحاد 61 نشستوں کے ساتھ آگے

آیت الله رئیسی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ آخری چار دہائیوں میں ایرانی قوم کی ترقی کے خلاف امریکی بغض و عناد جاری ہے، حالانکہ امریکہ کو ہمیشہ ایران مخالف منصوبوں میں شکست ہوئی، لیکن یہ کبھی بھی اپنی ناکامیوں سے نہیں سیکھتا۔ ایرانی صدر نے اپنی گفتگو کے ایک حصے میں بین الاقوامی مسائل میں ایران سے تعاون کرنے پر عمان کے اصولی موقف کی تعریف کی اور ساتھ ہی جمہوری اسلامی ایران کے منصفانہ حق کے حصول پر بھی زور دیا۔

اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ السید بدر البوسعیدی نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف اور خاص طور پر علاقائی استحکام کے سلسلے میں آیت اللہ رئیسی کے نقطہ نظر کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عمان کے تعلقات دوسرے ممالک کے لئے ایک نمونہ عمل ہیں۔ ہم ان تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

عمان کے وزیر خارجہ نے پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور نقطہ نظر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ایران کا ثابت قدم اور دیانتدارانہ رویہ ثمر بخش ثابت ہوگا۔

 

12:07 شام اپریل 9, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔