حکومت امدادی سامان بااثر افراد کی کرپشن سے بچا کرسیلاب زدگان تک پہچانے کو یقینی بنائے، علامہ مقصودڈومکی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بارش اور سیلاب نے بلوچستان اور سندھ میں تباہی مچادی ہے۔ کئی روز سے جاری بارش کے باعث غریبوں کے کچے گھر گر چکے اور ان کا سارا سامان بھیگ چکا، غریب جائے پناہ اور دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔ مسلسل بارش کے سبب کاروبار زندگی معطل ہے اور دھاڑی مزدور بے کار بیٹھے ہیں۔ حکومت اور فلاحی ادارے مظلوم اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ بارش اور سیلاب کے باعث کئی قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ غذائی قلت اور غربت و افلاس کے سبب غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف شیعہ خطیب علامہ علی کرار نقوی کے انتقال پر علامہ ساجد علی نقوی کااظہار افسوس
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد کو با اثر افراد کی کرپشن سے بچا کر متاثرین تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ جو زرعی پیداوار میں مددگار ثابت ہوں گے اور سیلاب سے بچاؤ کا سبب بھی بنیں گے۔ یہ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی ہی ہے کہ عوام یا تو سیلاب میں ڈوبتے ہیں یا ان کے پاس پینے کا پانی نہیں ہوتا۔ افسوس کہ بلوچستان میں بننے والے دسیوں ڈیم ناقص میٹیریل اور بد ترین کرپشن کے سبب بارش اور سیلاب میں بہہ گئے۔ جس کی تحقیقات ضروری ہے۔







