صیہونی دشمن کو کسی بھی حماقت کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی، القسام بریگیڈ

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام کے ترجمان نے صیہونی حکومت کو شدید الفاظ میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقاومت فلسطین کے لوگوں کے خون، سلامتی اور امن کی ضامن ہے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے گذشتہ شام جمعرات کو تاکید کے ساتھ کہا کہ صیہونی دشمن اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے ابو عبیدہ کے بیان کو نقل کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر فوجی آپریشن کے لئے گھڑے جانے والے دعوے محض جھوٹ اور بہتان کے سوا کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے دشمن کی جانب سے ایسے اقدامات کی انجام دہی کے حوالے سے وضاحت کی کہ دشمن کو شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے کسی دلیل یا جواز کی ضرورت نہیں، کیونکہ اس کی تاریخ جھوٹ پر مبنی قتل و غارت سے بھری پڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی املاک اور اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں تیز ہوگئیں، محمد حمادہ
ابو عبیدہ نے مقاومت کو فلسطین کے لوگوں کی جان، مال اور سلامتی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی جھوٹ پر مبنی سیاست بھی سچ کو نہیں چھپا سکے گی۔
ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ دشمن کو اپنی ہر حماقت کی قیمت چکانا ہوگی۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے حال ہی میں مقاومتی رہنماوں کے قتل کی کوششوں پر صیہونی حکومت کو خبردار کیا تھا۔
انہوں نے اس طرح کے کسی بھی اقدام کا القسام کی جانب سے بے مثال جواب دینے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کا ایسا شدید جواب دیا جائے گا کہ ’’شمشیر القدس‘‘ اس کے سامنے ایک عام سا واقعہ شمار ہوگا۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ جو بھی ایسا فیصلہ کرتا ہے، وہ صیہونی حکومت کی تاریخ میں ایک تباہ کن باب لکھے گا اور کسی بھی حماقت کا ارتکاب کرنے پر تباہی اور خون سے اس کا بدلہ چکانا پڑے گا۔