حکومتیں مہنگائی روکنے اور کراچی کے شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکیں، حافظ کاظم عباس

26 نومبر, 2026 17:52

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر حافظ کاظم عباس نے مہنگائی، گراں فروشی اور کراچی میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں کی ناکامی کی شدید مذمت کی ہے۔ وحدت ہاؤس کراچی میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات، خطرناک عمارتوں اور انتظامی غفلت کے باعث شہریوں کی زندگیاں مسلسل خطرے میں ہیں، جبکہ غیرمعیاری تعمیرات، ٹینکرز، ڈمپرز اور ٹریلرز کے حادثات، تباہ حال سڑکیں اور ناقص سیوریج نظام شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں، مگر سندھ اور شہری حکومتیں بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں۔

حافظ کاظم عباس نے کراچی میں عمارت گرنے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ہر سانحے کے بعد سخت کارروائی کے اعلانات کرتے ہیں، مگر چند روز بعد تحقیقات اور اقدامات محض رسمی کارروائی بن کر رہ جاتے ہیں اور ذمہ داران کا حقیقی احتساب نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی و صہیونی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی صدر

معاشی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور من مانی قیمتوں کے خلاف حکومتی نگرانی کا فقدان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے نام پر نمائشی اسکیموں کے بجائے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ اشیائے ضروریہ سستی کرنے کا مؤثر میکنزم تشکیل دے اور مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر نے مطالبہ کیا کہ وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتیں مہنگائی کے خاتمے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، خطرناک عمارتوں کے سروے، بھاری گاڑیوں کے خلاف مؤثر ضابطہ کار اور ناقص شہری منصوبوں کی تحقیقات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، کیونکہ عوام کو نمائشی دعوؤں کے بجائے حقیقی ریلیف اور محفوظ شہری ماحول فراہم کرنا حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

6:02 شام نومبر 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔