غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ بریگیڈیئر نعیم ابو نحل شہید
بریگیڈیئر نعیم محمد ابو نحل
شیعیت نیوز : غزہ کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ داخلی سلامتی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر نعیم محمد ابو نحل غزہ شہر کے مغربی علاقے میں اسرائیلی قابض فوج کے فضائی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بریگیڈیئر ابو نحل کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا گیا جب داخلی سلامتی کے ادارے نے حالیہ عرصے میں قابضین کے لیے کام کرنے والے مخبروں کو کاری ضربیں لگائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ریاض کے مالیاتی مرکز پر حملے کی تصدیق کر دی
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ادارے نے ان گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی تھیں جو قابض صہیونیوں کے ساتھ تعاون کرتے تھے اور اسرائیلی فوج کے زیرِ قبضہ فوجی علاقوں میں چھپے ہوئے تھے۔ غزہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق بریگیڈیئر ابو نحل نے داخلی سلامتی کے ادارے میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور اس دوران قابضین کے انٹیلی جنس اداروں کا مقابلہ کرنے اور فلسطینی عوام کو نقصان پہنچانے کی ان کی سازشیں ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا کہ صہیونیوں کی جانب سے داخلی سلامتی کے ادارے اور پولیس کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا غزہ میں افراتفری پھیلانے اور امن و امان کی صورت حال کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔







