امریکی و صہیونی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی صدر

26 نومبر, 2026 17:51

شیعیت نیوز : ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ایرانی قوم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری دم تک کھڑی ہے اور امریکہ، صہیونیوں اور دیگر طاقتوں کی دھونس کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائے گی۔ بدھ کی شام صوبۂ خراسان رضوی کے دورے کے دوران صوبے کے دانشوروں، سماجی اور ثقافتی کارکنوں کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رہبرِ شہید، تمام مجاہدین، سائنس دانوں، طلبہ اور ان ایرانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمنوں کے جرائم اور دباؤ کے مقابلے میں ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔

ایرانی صدر نے خبردار کیا کہ دشمن کا ایک بڑا ہدف اقتصادی دباؤ اور مختلف راستوں کی بندش کے ذریعے عوام کو مشکلات سے دوچار کر کے ملک کے اندر اختلافات اور سماجی خلیج کو بڑھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام ایرانی عوام—خواہ عرب ہوں یا عجم اور تمام اقوام و گروہ—تنگ نظری اور گروہ بندیوں سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملکی امور میں ایک دوسرے کا تعاون کریں تو دشمن مایوس ہو جائے گا۔ انہوں نے موجودہ حالات میں معاشرے میں دو آوازوں یعنی ’’اتحاد کی آواز‘‘ اور ’’ملک کی صنعتوں اور کارخانوں کا پہیہ چلانے کی آواز‘‘ کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی موجودہ صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ کیفیت ملک کو غیر یقینی میں رکھتی ہے جس کے باعث مستقبل کی منصوبہ بندی مشکل ہو جاتی ہے۔ رہبرِ شہید کی جانب سے اس کیفیت کا فیصلہ کرنے پر زور دینے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتِ حال کا خاتمہ ضروری ہے، تاہم اس کا مطلب لازماً جنگ کرنا نہیں؛ اور اگر جنگ کا فیصلہ کیا بھی جائے تو ہر قدم ملکی توانائی، صلاحیت، نتائج اور حتمی مقصد کو سامنے رکھ کر اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ملک کے اندر مشترکہ زبان اور نقطۂ نظر پیدا کر کے رہبرِ انقلاب کے مقرر کردہ ہدف کی جانب بڑھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت میں تشدد اور توہینِ امامِ زمانہؑ کے واقعات پر ریاستی اداروں کے دوہرے معیار پر شدید تنقید، مولوی نثار کے خلاف اے ٹی اے کے تحت کارروائی کا مطالبہ

معاشی صورتِ حال اور امریکی و اسرائیلی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ سمندری، فضائی اور حتیٰ کہ زمینی راستوں کو محدود کرنے کی کوششوں کے باوجود ملک کے امور چلانے کے لیے تیل کی فروخت اور تجارت کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ دباؤ سے بازاروں میں قلت پیدا ہوگی اور عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے، لیکن ایرانی قوم نے استقامت کا مظاہرہ کیا۔ ادویات اور بنیادی اشیائے ضروریہ کے حوالے سے انہوں نے یقین دلایا کہ منڈیوں میں دوائیں موجود ہیں اور عالمی مہنگائی و دباؤ کے باوجود حکومت عوام کو مشکلات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکام خود کو عوام کا سربراہ نہیں بلکہ خادم سمجھتے ہیں، تاہم پیچیدہ حالات کے باعث بعض مسائل فوری حل نہ کر پانے پر عوام کے سامنے شرمندہ ہیں۔

سماجی ذمہ داری اور اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل صرف سرکاری منصوبوں اور کاغذی رپورٹوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہر محلے کے باصلاحیت افراد، غیر سرکاری تنظیموں اور فلاحی اداروں کے تعاون سے مسجد کو عوام کی ضروریات کی نشاندہی اور عملی حل کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کی اصلاح سختی یا ڈانٹ ڈپٹ سے نہیں بلکہ درست اخلاق اور بلا احسان خدمت سے ممکن ہے۔ خطاب کے آخر میں انہوں نے فنونِ لطیفہ کے مشیر کی تقرری، آرٹس یونیورسٹی کے قیام اور کھلاڑیوں کے مسائل تہران اور گورنر خراسان رضوی کی سطح پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

6:02 شام نومبر 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔