شہید علی ناصر صفوی؛ شجاعت و مقاومت کا امر کردار
شہید علی ناصر صفوی
تحریر: ارشاد حسین ناصر
شیعیت نیوز: بعض لوگ ہماری زندگیوں میں ہوتے ہیں جبکہ ہم نے ان سے ملاقات نہیں کی ہوتی، ان کو دیکھا تک بھی نہیں ہوتا، ان سے انسیت، رغبت، محبت، تعلق اور قربت کا احساس رکھتے ہیں۔ یہ تاریخ کے نامور، روشن اور متاثر کن کردار بھی ہوسکتے ہیں اور اپنے زمانے کے شاہسوار بھی۔ آج سے چھبیس برس قبل ہمارے ملک میں ایک ایسے ہی کردار کا نام سامنے آیا، جس نے نوجوانوں کو اپنا گرویدہ کر لیا، اپنے سحر میں گرفتار کیا اور آج تک مخلصین، شجاع و مجاہد، باکردار، باتقویٰ اور نہضتِ اسلامی کے پروانے اس کردار کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ یہ کردار نوجوانوں کے دلوں پر نقش رہے گا اور اپنے چھوڑے ہوئے راستے کی طرف ہر دور میں دعوتِ فکر و عمل دیتا رہے گا۔ دوستو! اس کردار کا نام علی ناصر صفوی ہے؛ جی، ایک ایسا کردار جس نے زندگی کے آخری سانس تک قوم، ملت اور انقلابِ اسلامی کا دفاع باغیرت، شجاعانہ اور دلیرانہ انداز میں کیا۔ اگرچہ پاکستان میں مکتب کے بہت سے جوانان نے غیرت و حمیت، شجاعت و دلیری اور خطرات و مشکلات کے راستے کا انتخاب کیا، ان سب کو سلام ہے، ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مگر شہید علی ناصر صفوی ان سب کا سرخیل تھا۔ وہ ان سب کا سالار تھا، وہ بہت سے حوالوں سے منفرد بھی تھا۔
جو لوگ اس کے راستے سے واقف ہیں، انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ یہ مشکلات کا راستہ ہے، کٹھن و پُرخار راہ ہے، ہر گھڑی، ہر لمحہ، ہر ساعت خطرات ہوتے ہیں۔ یہ لوگ کبھی بھی چین سے نہیں رہ سکتے، سوتے ضرور ہیں مگر کانٹوں کی سیج پر۔ ہاں یہ بھی ہے کہ کانٹوں کی سیج پر بھی مطمئن اور پُرسکون نیند، جیسے شہید یحییٰ سنوار کی زندگی کٹھن اور مشکلات سے بھری ہوئی تھی، ان پر کتنے ہی حملے ہوئے، نہ جانے کتنی بار انہیں مارنے کے دعوے ہوئے، کتنی بار وہ بال بال بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ گھر سے باہر تھے، ہجرت میں ہی رہتے، کسی ایک جگہ نہیں رہ سکتے تھے، ان کی زندگی سختیوں کو جھیلتے گزری۔ وہ سختیوں کو جھیلنے کے عادی تھے، انہوں نے جیلیں بھی کاٹیں، مگر وطن کو نہیں چھوڑا اور ہر دم مسلح و ہتھیار سے لیس رہے۔ بہت ہی مضبوط اور بھاری جسم کے مالک نہیں تھے بلکہ بظاہر کمزور جسم اور شخصیت رکھتے تھے۔ انہیں بہت سے اپنوں کے الزامات کا سامنا بھی رہا، پاکستان میں بھی انہیں ایک خاص گروہ ایران کا ایجنٹ سمجھتا تھا اور کبھی بھی طعن و تشنیع سے گریز نہیں کرتا تھا۔
مگر جہاد و شہادت، ہجرت و اسارت کے پروردہ نے اپنی شہادت کے وقت بھی ایسا مردانگی اور شجاعت کا پیغام دیا کہ امر ہوگئے، ان کی شہادت کے لمحات کیمروں نے محفوظ کیے، اس حالت میں کہ دشمن حملہ آور ان کے نزدیک آنے سے بھی گھبرا رہا تھا۔ شہید یحییٰ سنوار کی یہ ساری خصوصیات شہید ناصر صفوی میں بدرجۂ اولیٰ موجود تھیں، یہ سارے حالات ان کے ساتھ بھی گزرے۔ شہید ناصر صفوی نے ہمیشہ سختیوں میں زندگی گزاری۔ وہ والدین کے اکلوتے فرزند اور زمیندار گھرانے کے باشعور جوان تھے، جن کے اندر انقلاب کی شمع روشن تھی اور وہ انقلابِ اسلامی کے عاشقوں میں شامل تھے۔ وہ جانتے تھے اور شعور رکھتے تھے کہ یہ راستہ مشکلات کا راستہ ہے، انہوں نے معرفت کے ساتھ سختیوں کا راستہ منتخب کیا اور پھر راستوں کی ویرانی اور طوفانوں سے ٹکراتے شہادت کو ایسے گلے لگایا کہ ان کا کردار امر ہوگیا۔ وہ اپنی حاملہ اہلیہ کے ساتھ ایسے وقت شہید ہوئے کہ ان کی کم سن دختران اور ضعیف والدہ بھی ساتھ تھیں، خدا نے ان کی بیٹیوں اور والدہ کو محفوظ رکھا۔ ان کی والدہ ایک انتہائی سادہ دیہاتی خاتون تھیں، ایک بیوہ خاتون کی اکلوتے فرزند اور پوتیوں کے ساتھ گہری محبت انہیں مجبور کرتی تھی کہ وہ ان کے ساتھ ہی زندگی بسر کریں، اگرچہ یہ ایک مشکل امر تھا، بالخصوص شہید صفوی کئی کئی روز اپنے گھر نہیں جا پاتے تھے۔
اگر شہید علی ناصر صفوی کے آغازِ سفر اور نظریاتی و فکری مدارج کی بات کریں تو وہ جن کے زیرِ سایہ جوانی کی منزلیں طے کرچکے تھے، وہ ایسے اساتذہ اور اتالیق تھے، جن کی زبانوں پر وہی کلمے جاری ہوتے تھے، جن پر وہ خود عامل ہوتے تھے۔ ان میں دوغلا پن نہیں تھا، جو کہتے تھے، وہ کرتے تھے، جو کرتے تھے، وہی کہتے تھے۔ ممکن ہے کہ بہت سے دوست جانتے ہوں اور بہت سے جانتے بھی نہ ہوں۔ میرے مشاہدے میں یہی ہے کہ شہید علی ناصر صفوی کو شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور انقلاب سے قریب کرنے والی استاد شخصیت برادر ظفر اقبال عابد ’’مجتبیٰ سعیدی‘‘ تھے، جو اسکاؤٹ چیف تھے۔ ان کی زبان میں وہ چاشنی دیکھی گئی، جو کسی کو بھی گرویدہ کر لیتی ہے۔ وہ الفاظ و معانی اور زبان و بیان کے ماہر تھے۔ بہت ہی دوراندیش اور گہری سوچ و فکر رکھنے والے شہید مجتبیٰ سعیدی کا اصل نام ظفر اقبال تھا۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج جھنگ سے ایم ایس سی نفسیات کیا تھا، وہ فیصل آباد ڈویژن کے اہم ذمہ دار بھی رہے تھے اور تنظیمی اجلاسوں، پروگراموں اور اسکاؤٹ کیمپوں میں ایسی گفتگو کرتے تھے کہ سننے والے ان کی گفتگو میں محو ہو جاتے، معلومات کا خزانہ، فکر و سوچ کی بلندی، مکتب و ملت کا درد، حالاتِ حاضرہ سے مکمل آگاہی۔ الغرض وہ دوسروں سے بہت مختلف شخصیت کے مالک تھے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ النجف سکردو میں آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور قرآن خوانی
ایک باتقویٰ، صالح، دردمند، فعال رفیق کی رفاقت اور قربت سے علی ناصر صفوی میں جوہری تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ یہ ایسا تھا کہ جیسے مجتبیٰ سعیدی بھائی، علی ناصر صفوی کو انگلی سے پکڑ کر اپنے استاد یعنی ڈاکٹر محمد علی نقوی کے پاس چھوڑ کر کہیں دور نکل گئے ہوں۔ مجتبیٰ سعیدی بھائی کی قربت میں بہت سے جوانان تھے، جنہیں وہ انقلاب، مقاومت اور اسلامِ حقیقی کا پیغام دیتے تھے۔ شاید بہت سوں نے سستی کی ہو، کچھ نے تامل کیا، مگر ان سے علی ناصر صفوی نے جو کچھ پایا، وہ اپنی مثال آپ ہی تھا۔ ان کے دور میں جھنگ مزاحمت و شجاعت اور تنظیمی طور پر مضبوط سرکل شمار ہوتا تھا۔ قائدِ شہید کا قتل کیس چل رہا تھا، اس دوران کیس کی پیروی کرنے والے معروف تنظیمی ایڈووکیٹ کو پشاور عدالتوں، کچہریوں اور سرکاری دفاتر میں آنا جانا ہوتا تھا، ان کے ساتھ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے ایک جوان بھیجا، جو بے حد نحیف اور کمزور جسامت کا مالک تھا، اس سے نام پوچھا گیا تو اس نے اپنا نام ناصر بتایا۔
ایڈووکیٹ صاحب اس نوجوان کی جسامت کو دیکھ کر اپنے تئیں شکوہ کناں ہوئے کہ ڈاکٹر صاحب کو ایک اچھے نوجوان کے لیے گزارش کی تھی، انہوں نے ایک کمزور جسامت کا مالک نحیف و نزار جوان بھیج دیا ہے، مگر وقت گزرتے ناصر صفوی کی عبادت، تقویٰ، پھرتی، چستی اور نظریاتی وابستگی نے اتنا متاثر کیا کہ ان کی مثالیں دیتے ہیں۔ استاد مجتبیٰ سعیدی کے ساتھ علی ناصر صفوی کی دوستی اور تعلق اس حوالے سے بھی گہرا تھا کہ دونوں ضلع جھنگ سے تعلق رکھتے تھے اور ان دنوں جھنگ میں آمر حکمرانوں کی سازش سے مکتبِ تشیع کے خلاف ایک گروہ کو پروان چڑھایا جا رہا تھا، جس نے تھوڑے ہی عرصے میں جھنگ، جو امن و آشتی کا گہوارہ اور مختلف اقوام و مکاتیب کا بالخصوص شیعہ و سنی فرقوں کا مشترک شہر تھا، دونوں مکاتیبِ فکر اخوت و بھائی چارے میں ایک دوسرے کے ساتھ شیر و شکر ہو کر رہتے تھے، مگر آمر حکمرانوں نے سازش کے تحت ایک تکفیری گروہ ایجاد کیا تو حالات یکسر تبدیل ہوگئے، جو جھگڑوں سے بڑھتے قتل و غارت گری اور تخریب کاری تک جا پہنچے، اس فرقہ وارانہ جنگ نے کئی گھر اجاڑ دیے اور یہ زہر پورے پاکستان میں سرایت کر گیا۔
ان دنوں ہمارے اخبارات کی شہ سرخیوں میں جھنگ کے فسادات ہی دکھتے تھے۔ آئے روز قتل و غارت، لڑائی اور فسادات کی خبریں آتی تھیں، اس لڑائی میں ایک طرف فرقہ پرست گروہ کے پاس افغانستان میں ٹریننگ شدہ افراد تھے، دوسری طرف عام لوگ جن کا کسی بھی قسم کا جہادی بیک گراؤنڈ نہیں تھا، مگر یہ بات سب جانتے ہیں کہ ناصر صفوی، مجتبیٰ سعیدی جیسے مخلصین، باتقویٰ، صالح اور کربلا کی فکر کے وارث جوانان نے بھرپور مقابلے کی فضا بنائے رکھی اور قوم کو ناامید نہیں ہونے دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اہلِ جھنگ انہیں اتنے برس گزر جانے کے بعد بھی نہیں بھلا پائے۔ شہید صفوی، مجتبیٰ سعیدی اور تنصیر حیدر جیسے کردار ہمیشہ زندگی کا احساس دلاتے ہیں، جبکہ بہت سے زندہ مردوں سے بدتر محسوس ہوتے ہیں۔ اس لیے کہ کردار کی زندگی میں پائیداری و بقا ہے، جیسے بادلوں کی کوئی انتہا نہیں ہوتی، سمندر ہمیشہ زندہ ہی ہوتا ہے، موجوں کو بار بار ابھرنا ہی ہوتا ہے، سورج ہمیشہ چمکتا رہتا ہے، عشق کی وادی میں غوطہ زن زہر کے پیالے پی کر بھی زندہ رہتے ہیں۔
سرخ موت کو آگے بڑھ کر گلے لگانے والے تاریخ کے ماتھے کا جھومر بن جاتے ہیں، یعنی لہو کی سرخی ہمیشہ اپنی خوشبو سے معطر کرتے ہوئے اپنے ہونے کا احساس دلاتی ہے۔ جو لوگ سمجھوتہ نہیں کرتے اور موت کو گلے لگانے سے نہیں ہچکچاتے، وہ مجتبیٰ سعیدی، وہ شہید صفوی، شہید تنصیر حیدر کی طرح یاد رکھے جاتے ہیں۔ شہید صفوی نے حالات سے سمجھوتہ نہیں کیا، کبھی بھی مقاومت کی راہ میں تامل سے کام نہیں لیا، بلکہ ہمیشہ آگے بڑھ کر خود کو اپنے دوستوں سے پہلے موجودگی کا احساس دلایا۔ وہ دلاوری و شجاعت کی روشن مثال تھے۔ اسی وجہ سے وہ کامیاب ہوئے، اپنے اعلیٰ مقاصد کے ساتھ سرخ موت کو گلے لگا کر کامیابی سمیٹی اور امر ہوئے۔ جو لوگ انہیں مار کر خوش ہوئے، انہیں خبر ہو کہ آج چھبیس برس گزر جانے کے بعد ان کی صدا زندہ ہے، ان کی آواز سنائی دیتی ہے، ان کا کردار شعلہ بن کر سامنے آتا ہے، ان کی دھاڑ ہم سب سنتے ہیں، وہ دلوں پر نقش اور سوچوں میں محفوظ ہے، جسے اگلی نسلوں تک منتقل کیا جاتا رہے گا۔ شہید علی ناصر صفوی سے منسوب یہ جملہ ان کی سوچ و فکر کی عکاسی کرتا ہے: ’’راستوں کی ویرانی اور جلتی دھوپ سے ڈرنے والے اپنی منزل کبھی نہیں پا سکتے۔‘‘ سلام بر شہدائے مقاومت و مزاحمت و غیرت و حمیت۔







