متحدہ عرب امارات، امریکہ ، اسرائیل اور بھارت پر مشتمل نیا گروپ تشکیل
شیعیت نیوز: امارات، امریکہ ، اسرائیل اور بھارت پر مشتمل نیا گروپ تشکیل دیا جارہا ہے جس کا نام ” آئی ٹو یو ٹو” رکھا گيا ہے۔ بھارت میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد البنّا نے اس نئے گروپ کو” مغربی ایشیائی کوآڈ ” قراردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چاروں ملکوں کے اس نئے گروپ ’’ آئی ٹو یو ٹو‘‘ کی پہلی سربراہی کانفرنس جولائی میں امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی میں ہو گی۔
امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق صدر جو بائیڈن 13سے 16جولائی کے درمیان مشرق وسطیٰ کے اپنے دورے کے دوران ایک ورچوئل سربراہی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔
اس کانفرنس میں نو تشکیل شدہ گروپ آئی ٹو یو ٹو‘ کے دیگر رہنما بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان حصہ لیں گے۔
انہوں نے اس گروپ کے نام I2U2 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹو سے مراد دو مرتبہ آئی ہے، جس کا مطلب اسرائیل اور بھارت ہیں۔اسی طرح یو ٹو سے مراد دو مرتبہ یو ہے، جس کا مطلب امریکہ (یو ایس اے) اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اداکارحمزہ علی عباسی کی عقیدہ ظہور امام مہدی ؑ اور حضرت عیسیٰ ؑ کے خلاف ہرزہ سرائی پر اشتعال
دوسری جانب امریکہ نے یوکرین کیلئے مزید ایک ارب ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں روس کے حملے کے خلاف کیف کے لیے واشنگٹن کی حمایت کی توثیق کرتے ہوئے جنگی سازومان کے ایک نئے پیکج کا اعلان کیا۔ بائیڈن نے کہا کہ ایک ارب ڈالر مالیت کے اسلحے کے پیکج میں مزید توپ خانے، اینٹی شپ ڈیفنس سسٹم ،گولہ بارود اور جدید راکٹ سسٹم شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا یوکرین کے ساتھ کھڑا رہے گا کیونکہ وہ اپنی جمہوریت کا دفاع کرتا ہے۔
واضح رہے کہ روس کی جانب سے جاری جنگ میں یوکرین کو امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور ترکی سمیت درجنوں ممالک سے اربوں ڈالر مالیت کے اسلحے اور فوجی سازوسامان کی امداد ملی ہے۔







