یورپی یونین کا بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی پر برطانیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ
شیعیت نیوز: یورپی یونین نے بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی پر برطانیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ برطانیہ کی طرف سے پیش کیے گئے ایک حالیہ بل کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں برطانیہ سے داخل ہونے والی اشیاء سے کسٹم چیکنگ ختم کردی جائے گی۔
یہ بل بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی میں شمار ہوگا، یورپی یونین کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یک طرفہ فیصلہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے۔
یورپی کمیشن کے نائب صدر نے برسلز میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ شمالی آئرلینڈ کی عوام اور کاروبار میں استحکام کے لیے برطانیہ سے بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ’’ ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول ‘‘ میں ہی حل تلاش کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلحہ ڈال کر تسلیم ہو جاؤ، روس کا یوکرینی فوجیوں کو انتباہ
ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول بریگزٹ معاہدے کا حصہ ہے، جس پر وزیراعظم بورس جانسن نے دو سال قبل دستخط کیے تھے۔
شمالی آئرلینڈ برطانیہ کا وہ واحد حصہ ہے، جس کی سرحد یورپی ملک جمہوریہ آئرلینڈ سے ملتی ہے۔ برطانیہ نے بریگزٹ ڈیل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یورپی یونین اور جمہوریہ آئرلینڈ میں داخل ہونے والے سامان کی تلاشی ہوگی جبکہ شمالی آئرلینڈ جانے والا سامان بغیر چیکنگ کے پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب یورپی یونین نے فلسطین کے لیے روکے گئے فنڈز جلد جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے فنڈز 2021ء میں فلسطین میں تعلیمی اصلاحات پر تنازع کی وجہ سے روکے گئے تھے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ یورپین کمیشن فلسطین میں ہر سال 300 ملین یورو امداد دیتا ہے۔
فلسطینی وزیرِ اعظم محمد اشتیہ نے یورپی یونین کے فنڈز جاری کرنے کے اعلان پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
فلسطینی وزیرِاعظم محمد اشتیہ کا کہنا ہے کہ فلسطین کے لیے معاونت دوبارہ شروع کرنے پر شکر گزار ہیں، آج خوشی کا دن ہے۔







