اسلحہ ڈال کر تسلیم ہو جاؤ، روس کا یوکرینی فوجیوں کو انتباہ
شیعیت نیوز: روسی افواج نے سیویرو ڈونیٹسک کے صنعتی مرکز میں بچ جانے والے یوکرینی فوجیوں کا رابطہ منقطع کرنے کیلئے شہر کے تینوں پلوں کو تباہ کر دیا ہے۔
روس کی فوج نےیوکرینی فوجیوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال کر تسلیم ہو جائیں۔ یوکرین کی فوج نے اپنے فیس بک اکاونٹ کے پیج میں کہا ہے کہ اس کے فوجی سیویرو ڈونیٹسک شہر سے پسپا ہو گئے ہیں اور تقریبا 500 سے زائد یوکرینی شہری آزوت کیمیائی کارخانے میں پھنس گئے ہیں۔
ادھر روسی افواج نے سیویرو ڈونیٹسک کے صنعتی مرکز میں بچ جانے والے یوکرینی فوجیوں کا رابطہ منقطع کرنے کی کوششیں تیز کرتے ہوئے شہر کے تینوں پلوں کو تباہ کر دیا ہے۔
در ایں اثناء یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک ویڈیو بیان میں قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ روس کے تباہ کن حملوں کے سامنے ڈٹے رہیں۔
یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ مشرقی خطے میں جاری لڑائی آنے والے ہفتوں میں باقاعدہ جنگ کا رخ طے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی ویب سائٹس پر خطرناک سائبر حملہ
دوسری جانب حکومت یوکرین نے، تیل، گیس اور کوئلے کی برآمدات روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کی ایف میں جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی حملوں کی وجہ سے تیل، گیس اور کوئلے کی برآمدات ممکن نہیں۔
اس سے پہلے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے جنگ کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ موسم سرما کے آغاز سے پہلے پہلے ایندھنوں کی برآمدات بند کرنا پڑیں گی۔
ادھر یوکرین کے وزیر اعظم نے بھی کہا ہے کہ جنگ کی وجہ سے ملک میں کوئلے کی پیداوار میں تیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور ہمیں آئندہ موسم سرما میں دشوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکومت یوکرین نے متعلقہ اداروں کو کم سے کم انیس ارب کیوبک میٹر گیس زیر زمین گوداموں میں ذخیرہ کرنے کا حکم دیا ہے۔







