تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ملتان کے تحت یوم انہدام جنت البقیع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد

11 مئی, 2022 09:48

شیعیت نیوز: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تحریک نفاذفقہ جعفریہ ریجنل کونسل ملتان کی جانب سے صوبائی جنرل سیکریٹری پنجاب سید قمر حسنین نقوی کی قیادت میں پریس کلب سے پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی جنرل سیکریٹری پنجاب سید قمر حسنین نقوی، نائب صدر صوبہ پنجاب علامہ باقر نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کی بدحالی کی وجہ مزاراتِ مقدسہ کی زبوں حالی ہے۔ 8شوال یوم سیاہ ہے، ہمارا احتجاج کسی ذات یا ملک کیخلاف نہیں خاتون جنت، آئمہ اطہار، امہات المومنین، صحابہ کبار کے مزارات کی عظمتِ رفتہ کی شان و شوکت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 8 شوال کا احتجاج کسی ذات یا جماعت کیخلاف نہیں بلکہ عظیم اسلامی ورثے کے تحفظ کیلئے ہے۔ مظاہرین نے آغاسید حامدعلی شاہ موسوی کی تصاویر، مختلف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی ازسرنو تعمیر کیلئے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر علمائے کرام نے زنجیرزنی، ماتمداری، سینہ کوبی کرکے بارگاہ رسالت وامامت میں پرسہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ولایت امیر المومنین اور ذکر سید الشہداء ہمارے روح کا حصہ ہیں جو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا،علامہ اقتدار نقوی

ریلی کے شرکا خطاب کرتے ہوئے سید قمر حسنین نقوی، علامہ سید زاہد عباس کاظمی نے مزید کہا کہ اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی مسماری کا راستہ روک لیتی تو کسی کو بیت المقدس کو آگ لگانے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ 8شوال کا احتجاج کسی ذات یا جماعت کیخلاف نہیں بلکہ عظیم اسلامی اور انسانیت کے ورثے کے تحفظ کے لئے ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلی کے مزاراتِ مقدسہ کی ازسرنو تعمیر اور عظمتِ رفتہ کی بحالی کی طرف توجہ دیں کیونکہ اسی میں پوری انسانیت کی اصلاح و فلاح، کامیابی و سرفرازی اور خوش بختی و سعادت کا راز مضمر ہے۔

مولانا مجاہد حسین نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کے مصائب و آلام کی سب سے اہم ترین وجہ یہ ہے کہ ذوات مقدسہ جن کی محبت واجب قرار دی گئی ہے ان کے اصولوں سے نہ صرف روگردانی کی جارہی ہے بلکہ ان کی قبور و آثار کو پامال و مسمار کردیا گیا۔ ماتمی احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے اس عہد کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی حرمت و سلامتی، دین و شریعت کی سربلندی، خانوادہ محمد و آل محمد کے آثار و قبور، جنت البقیع، جنت المعلی کی تزئین و تعمیر اور ان کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کیلئے امانت و دیانت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ احتجاج کے بعد زنجیرزنی اور نوحہ خوانی ہوئی جس میں مقامی ماتمی سنگتوں نے پرسہ ادا کیا۔

7:59 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top