سعودی عرب

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اسپتال منتقل

شیعیت نیوز: سعودی شاہی محل کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو جدہ کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اتوار کو جدہ کے شاہ فیصل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

شاہی محل کے بیان کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ کو کل رات اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے مختلف ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔

شاہی محل نے اپنے مختصر بیان میں سعودی عرب کے بادشاہ کو اسپتال منتقل کرنے کی خبر کو تاخیر سے نشر کرنے کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی۔

سعودی نیوزایجنسی نے کوئی تفصیل بتائے بغیر کہا ہے کہ انھیں کچھ لازمی میڈیکل چیک اپ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مغربی پٹی پر صیہونی فوجیوں کا وحشیانہ حملہ،متعدد فلسطینی زخمی و گرفتار

گذشتہ دو مہینوں کے دوران دوسری بار سعودی بادشاہ کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔

انھیں سولہ مارچ کو بھی ملک فیصل اسپتال پہنچایا گیا تھا تاکہ میڈیکل چیک اپ کے ساتھ ہی ان کے دل کی بیٹری تبدیل کی جاسکے۔

بیان میں شاہ سلمان کیلئے دعائیہ الفاظ میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت کرے اور انہیں صحت اور تندرستی سے نوازے۔

واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کے آخری ایام مکہ مکرمہ کے الصفا شاہی محل میں گزارے تھے اور متعدد عہدیداروں اور شہزادوں کے ساتھ مسجد الحرام میں عید کی نماز ادا کی تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں علماء، شیوخ اور اعلیٰ سویلین اور فوجی حکام سے بھی ملاقات کی جو انہیں عید الفطر کی مبارکباد دینے آئے تھے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو آخری بار نمازعید فطر کے بعد ان کے بیٹے اورولی عھد محمد بن سلمان کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button