اہم ترین خبریںپاکستان

یوم آزادی صحافت کا مقصد کسی دباؤ کے بغیر آزاد اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانا ہے،علامہ ساجد نقوی

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں آزادی صحافت پر مکمل جبکہ متعدد ممالک میں جزوی پابندی عائد رہی ہیں۔

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ یوم آزادی صحافت کا مقصد کسی دباو ٔکے بغیر آزاد اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانا ہے، اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ صحافت لوگوں کی رہنمائی کرنے، افراد کو ایک دوسرے سے جوڑنے، معلومات بہم پہچانے، تبصروں کے ذریعہ عوام الناس کو حقائق سے روشناس کرانے اور اصلاح و معاشرہ کا نام ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے یوم آزادی صحافت کی مناسبت سے بذریعہ ٹیلی فونک میڈیا ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یوم آزادیِ صحافت کا دن منانے کا مقصد بھی دراصل اہل صحافت کا اس بات کی تجدید کرنا ہے کہ کسی بھی دباؤ، لالچ، انتہاء پسند عناصر یا ریاستی منفی دباو ٔکے بغیر آزاد، صحیح اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانے کے بنیادی حق کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں آزادی صحافت پر مکمل جبکہ متعدد ممالک میں جزوی پابندی عائد رہی ہیں۔ اس وقت پاکستان میں بھی صحافی شدید مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں۔ لیکن اس کے باوجود سنجیدہ صحافیوں نے اپنے فرائض سے منہ نہیں پھیرا بلکہ درست اور جلد معلومات اور حقائق عوام تک پہنچائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ راجہ ناصرعباس کی عید الفطر کےموقع پر وارثان شہداء اور زخمیوں سے ملاقات ،فاتحہ خوانی و عیادت

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے شعبہ صحافت کا کلیدی کر دار ہے، قلم کا آزاد اور کسی دباؤ میں آئے بغیر کلمہ حق بلند کرنا اور مظلوم کی آواز بننے کی روایات اور خصوصیات کو ختم نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے البتہ سنسنی خیز سرخیاں اور بریکنگ نیوز بنانے کے لئے بے بنیاد اور جھوٹی خبر بنانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے، اس لئے کہ آزادی صحافت کا مطلب یہ قطعی نہیں ہے کہ صحافت کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلائی جائے اور حکمرانوں یا کسی خاص پارٹی کے مخصوص ایجنڈے کو پورا کرنے اور مخالفین کو زیر کرنے کے لئے منصوبہ بندی کے ساتھ کی جانے والی کسی بھی منفی مہم کو تقویت فراہم کی جائے۔ حقائق کے برعکس خبریں اشاعت کرنا یا کردار کشی صحافت کی اعلیٰ اقدا کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔

آخر میں علامہ ساجد نقوی نے پاکستان میں آزادی صحافت کے لئے جدوجہد اور جانیں قربان کرنے والوں، دھمکیوں اور تشدد سے مرعوب نہ ہونے والوں اور حق کی آواز بلند کرنے والوں کو خراج تحسین کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button