سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر کا مرکزی جلوس یوم علیؑ کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
شیعیت نیوز: سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے امام بارگاہ جوادیہ کے مرکزی جلوس روٹ کا وزٹ کیا اور تمام تر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ایس ایس پی آپریشنز ملتان حسام بن اقبال، ایس پی سٹی ڈویژن احمد نواز شاہ اور ڈی ایس پی حرم گیٹ ہمایوں افتخار اس موقع پر سی پی او ملتان کے ہمراہ تھے۔
سی پی او ملتان نے لائسنس داران اور منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے جلوس روٹ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جلوس کے راستے میں آنے والی تمام دوکانیں، مکانات، خالی جگہوں اور گلیوں کو چیک کیا۔ سی پی او ملتان نے روٹ میں آنے والی بلند عمارات اور شاہراہوں کا بھی بغور جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا میں سامراجی طاقتوں کا مسلمانوں کے خلاف ایک بڑا ہتھکنڈا ان کو آپس میں لڑانا اور تقسیم کرنا ہے علامہ عارف واحدی
اس موقع پر سی پی او ملتان نے بتایا کہ جلوس کے روٹ پر آنے والے تمام راستوں کو بذریعہ خاردار تار اور گلیوں کو بذریعہ قناتوں کی مدد سے مکمل بند کیا جائے گا جلوس کے روٹ پر ٹریفک ڈائیورژن بھی لگائی جائیں گی تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہ پیدا ہو۔ تمام جلوسوں سے پہلے ٹیکنیکل سویپنگ کرائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام زائرین کو چیکنگ کے بعد جلوس میں داخل ہونے دیا جائے گا، جلوس کی سکیورٹی کو کو فول پروف بنانے کے لیے سکیورٹی حصار کو 3لیئرز میں تعینات کیا جائے گا۔ جلوس کی طرف آنے والے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل پکٹنگ کی جائے گی۔ جلوس کے آغاز سے لے کر اختتام تک سنائپر ڈیوٹی تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اہم جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ویڈیو کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی۔







