آئی ایس او نے کراچی کی شاہراہوں پرعالمی یوم القدس کی آگاہی مہم کا آغاز کردیا
شیعیت نیوز: تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے عالمی یوم القدس کی آمد پر تشہیری و آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ تحریک آزادیِ القدس کے تحت جوہر چورنگی پر علامتی احتجاج اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاج میں کارکنان نے شرکت کی اور اسرائیل و امریکہ مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی و صیہونیت مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر دیباج عابدی نے کہا کہ ستائیس رمضان المبارک کو یوم القدس بھرپور انداز سے منایا جائے گا، یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ایک صیہونی ریاست ہے اور کفر کی حکومت تو باقی رہ جاتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی نہیں چل سکتی، انشاءاللہ جلد ہی اسرائیل کی نابودی کو دیکھا جائے گا، امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق ہم یوم القدس کے دن اپنی آوازوں کو مسئلہ فلسطین کے حق میں بلند کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایس او کی سالانہ دعوت افطار، سینیئرز اور جونیئرز سمیت علمائے کرام کی بڑی تعداد میں شرکت
دیباج عابدی نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کے عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنے گھروں سے باہر نکل کر یہ ثابت کردیں کہ اس ملک کا بچہ بچہ غاصب صیہونی ریاست کیخلاف سینہ سپر ہے۔ دیباج عابدی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد ریاست اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں انسانیت سوز سنگین جرائم کئے ہیں، جس کا حساب دینا ہی ہوگا، یہ تمام مسلم امہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقدس سرزمین کی صیہونی طاقتوں سے بازیابی کی کوششیں کریں۔ واضح رہے کہ یوم القدس کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں میں وال چاکنگ، بینر اور پوسٹرز آویزاں کرنے کا عمل بھی گزشتہ رات سے شروع کردیا گیا ہے، 17 رمضان المبارک کو تین تلوار کراچی پر علامتی احتجاج اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔







