یوکرین میں 63 ممالک کے غیر ملکی جنگجو ہم سے لڑ رہے ہیں، روس
شیعیت نیوز: روس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین میں 63 ممالک کے 6 ہزار 824 غیر ملکی جنگجو موجود ہیں۔
روس کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ میں 1 ہزار 35 غیر ملکی جنگجو مارے جا چکے ہیں، ماریوپول میں 4 سو کے قریب غیر ملکی جنگجو موجود ہیں۔
روس نے کہا ہے کہ یوکرین میں 1 ہزار 717 غیر ملکی جنگجو پولینڈ سے آئے ہیں، 15 سو غیر ملکی جنگجو امریکہ، کینیڈا، رومانیہ سے آئے ہیں۔
روس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں 6 سو غیر ملکی جنگجو برطانیہ اور جارجیا سے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی وزیر اعظم کی حالت مزید خراب، اسرائیلی پارٹی یو اے ال نے حمایت روکی
دوسری جانب روسی وزارت خارجہ نے، صیہونی وزیر خارجہ کے روس مخالف بیان پر صیہونی سفیر کو ماسکو میں طلب کیا۔
اخبار ہاآرتص کے مطابق، روسی وزارت خارجہ نے صیہونی سفیر الکس بن زویی کو، صیہونی وزیر خاربہ یئیر لیپد کے روس مخالف بیان پر طلب کر لیا۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ اسرائیل یوکرین جنگ کے درمیان روس مخالف اپنے بیان سے فلسطین میں اپنے جرائم منجملہ اس سرزمین کے لوگوں کے قتل عام کو چھپانا چاہتا ہے۔
صیہونی وزیر خارجہ یئیر لپید نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں روس کی رکنیت ختم کئے جانے سے متعلق ووٹنگ کی حمایت میں روس پر یوکرین میں جنگی جرائم انجام دینے کا الزام لگایا۔
روسی وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی اس کونسل میں ووٹنگ کے بعد لپید کے بیان کو افسوسناک قرار دیا تھا۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ اسرائیل مسئلۂ فلسطین اور اس سرزمین کے لوگوں کے قتل عام سے، رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے یوکرین کے مسئلہ کو استعمال کر رہا ہے۔
دریں اثنا یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس سے 10 برس تک لڑ سکتے ہیں۔
جاری کیے گئے ایک بیان میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی دھمکیوں پر مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنا علاقہ روس کو نہیں دے سکتے، فتح ہماری ہی ہو گی۔







