انسانی حقوق کی 250 عالمی تنظیموں کی اسرائیلی غنڈہ گردی کی مذمت
شیعیت نیوز: انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے لیے سرگرم 250 تنظیموں اور نیٹ ورکس نے اسرائیل کے غاصبانہ اور نسل پرست تسلط اور فلسطینیوں کے خلاف اسرئیلی ریاست کی غنڈہ گردی اور فلسطینی عوام کے خلاف اس کے مسلسل حملوں کی مذمت کی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے دھاووں اور وہاں پرموجود فلسطینی نمازیوں پر غیرانسانی سلوک، ان کی مار پیٹ،اشک آور گیس اور صوتی بموں سے حملہ کرنے اور ربڑ کی کوٹیڈ دھاتی گولیوں اور لاٹھیوں کا استعمال کرنے کی مذمت کی ہے۔
پیر کے روز انسانی حقوق کی اڑھائی سو تنظیموں نے ایک مشرکہ بیان میں عالمی برادری اور بین الاقوامی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی غنڈہ گردی کے خلاف اقدامات اور قابض ریاست اور نسل پرستی کی مذمت کریں۔
یہ بھی پڑھیں : کویت اور بحرین میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف یکجہتی جلوس اور مظاہرے
بیان میں عالمی برادری کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف اختیار کردہ پالیسی کو دوہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم سات دھائیوں سے اسرائیلی جرائم کا شکار ہے مگر دنیا اسرائیلی جرائم پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔
بیان میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ، مسجد ابراہیمی اور دیگر مساجد میں آزادنہ عبادت کی اجازت دینے اور نمازیوں کے خلاف اسرائیلی کریک ڈاؤن کا سلسلہ فوری طور پربند کرانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ایک یہودی آباد کار نے باب مجلس سے اسلامی لباس کے بھیس میں مسجد اقصیٰ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
القدس کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نوجوانوں نےپرانے بیت المقدس شہر میں اسلامی لباس میں ملبوس ایک آباد کار کو اس وقت پہچان لیا جب وہ مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی کوشش کر رہا تھا۔ فلسطینی نوجوانوں نے اسے روک دیا اور واپس بھگا دیا گیا۔
عبرانی تہوار ’’ایسٹر‘‘ کی تعطیل کے موقع پر کل سے شروع ہونے والے آباد کاروں کی دراندازیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے آج رات سے فلسطینیوں کو سوشل میڈیا پر مسجد اقصیٰ کے دفاع کی مہم جاری رکھی۔







