آئی ایس او کے وفدکی ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات، القدس کانفرنس میں شرکت کی دعوت
شیعیت نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے ڈویژنل جنرل سیکریٹری ظفر عباس کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب سے ملاقات کی اور انہیں 14 رمضان المبارک کو منعقدہ آزادی القدس کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا۔
ایم کیو ایم کے بہادرآباد مرکز میں ہونیوالی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او رہنماؤں نے مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی غلام حکومت کے اقتدار کا پہلا روز، دہشت گردوں کاحملہ،5 پولیس اہلکار شہید
آئی ایس او رہنماؤں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین دنیا کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ اپنی منافقت چھوڑ کر اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے کیوں کہ فلسطین میں قیام امن کے بغیر دنیا میں امن و استحکام کا قیام نا ممکن ہے۔
اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے آئی ایس او کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے آئی ایس او کے جوان جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منا رہے ہیں اور فلسطینیوں کی حمایت کا پرچم بلند کئے ہوئے ہیں، ان کی اس خدمت پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، یہ عظیم کام ہے جو فلسطینیوں کی حمایت میں انجام دیا جارہا ہے۔







