ملک و قوم کا وقار قرآنی اصولوں پر عمل کرنے میں مضمر ہے،علامہ حافظ ریاض نجفی
شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں درسِ قرآن دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کا وقار قرآنی اصولوں پر عمل کرنے میں مضمر ہے، قرآن مجید میں واضح طور پر یہود و نصاریٰ کی دوستی سے منع کیا گیا ہے، جس کی مسلم حکمران خلاف ورزی کر رہے ہیں، مسلمانوں سے دوری اور غیر مسلموں سے دوستی کی پالیسی عرب ممالک کے مفادات میں ہے اور نہ امتِ مسلمہ کا اس میں کوئی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی خزانوں سے مالامال کیا ہے، کسی سے ڈرنے، کسی کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں، قرض اور مدد کے لالچ میں قومی خود مختاری کے منافی رویے ہرگز ٹھیک نہیں۔ ہم اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے خالق کائنات کے دیئے ہوئے وسائل کو بروئے کار لاکر عالمی برادری میں سر بلند ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، شیعہ علماء کونسل کے مقتول رہنما عتیق رضا کا قاتل گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات ہے کہ یمن کی خانہ جنگی میں بیرونی مداخلت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، حوثی قبائل کے اتحاد انصاراللہ کو حوثی باغی کے نام سے میڈیا میں لکھا اور ریاست کی طرف سے کہا جاتا ہے، عرب اتحاد ایک عرصے سے یمن پر حملہ آور ہے کہ انسانیت سسک رہی ہے، مگر کوئی ان کی مذمت نہیں کرتا اور اگر انصاراللہ جوابی حملے کرے تو اس کی مذمت کیلئے بیانات جاری کئے جاتے ہیں، اور آل سعود سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔
حافظ ریاض نجفی نے کہاکہ اہلِ یمن نے اسلام کے ابتدائی دور میں کسی جنگی دباؤ کے بغیر اسلام قبول کیا تھا۔ ایک خاندان کی بادشاہت تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے ان پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔ تیل مشینری پر حملوں کی مذمت اور بے گناہ یمنی مسلمانوں کیخلاف جنگی جارحیت، شہریوں، بچوں کے قتل پر خاموشی کہاں کا انصاف ہے؟







