اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 80 سالہ بزرگ فلسطینی شہید

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں جلجلیا میں ایک 80 سالہ بزرگ فلسطینی کو تشدد کرکے شہید کردیا۔ شہید ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت عمر عبدالمجید اسعد کے نام سے کی گئی ہے۔
فلسطینی خاتون سائنسدان اور القدس موعدنا انتخابی فہرست کی رکن سمر حمد نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہری پر تشدد اور اس کی موت پر قابض دشمن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ فلسطینی کو شہید کرکے ایک بار پھر قابض دشمن نے اپنی دہشت گردانہ ذہنیت اور انسانیت دشمنی پرمبنی سوچ کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اسرائیلی ریاست کے ناجائز تسلط اور قبضے کے خلاف فطری جدو جہد کررہی ہے۔ اسرائیلی دشمن تشدد اور قتل کے جرائم سے فلسطینیوں کو آزادی کی منزل سے دور نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی وجہ سے خلیجی مصنفین کا متحدہ عرب امارات میں ادبی میلے کا بائیکاٹ
دوسری جانب اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے نے فلسطینی سرزمین اور عوام کے خلاف مستقبل بنیادوں پر صیہونی حکومت کے منصوبہ بند حملوں کے باعث اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں شکایت درج کرائی ہے۔
فارس نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہوں کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے فلسطینی عوام و سرزمین کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے منصوبہ بند حملوں کی شکایت درج کرائی۔
ریاض منصور نے اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ جرائم اور غیر قانونی اقدامات کی انجام دہی پر مراعات دئے جانے اور جواب ہی پر مجبور نہ کئے جانے کے باعث غاصب صیہونی حکومت روز بروز مزید جرائم کے ارتکاب کے لئے زیادہ گستاخ ہوتی جا رہی ہے۔
فلسطینی نمائندے نے لکھا کہ سال دوہزار اکیس، دوہزار چودہ میں غزہ پر بہیمانہ حملے کے بعد سب سے زیادہ خونبار سال ثابت ہوا ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے دوہزار اکیس کے دوران تین سو چوبیس فلسطینی منجملہ چھیاسی بچوں کو مقبوضہ علاقوں میں قتل کیا ہے۔
انہوں نے اسی طرح مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی مکانات کی مسماری، ان کی زمینوں پر غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ میں صیہونیوں کی دراندازی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور لکھا کہ اس قسم کے صیہونی اقدامات قوانین کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔
فلسطین کے نمائندے نے اپنے مراسلے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی کو توڑ کر اس سلسلے میں مطلوب اپنا کردار ادا کریں۔