سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور، 7 سال بعد بھی زخم تروتازہ ،شیعہ تنظیمات کےتحت تقاریب کا انعقاد
درندہ صفت دہشتگردوں کے حملے میں 147 افراد شہید ہوئے جن میں 122 طلباء، 22 سکول سٹاف ممبر اور 3 سکیورٹی اہلکار شامل تھے۔

شیعیت نیوز: 16 دسمبر 2014 وطن عزیز پاکستان کی تاریخ وہ بھیانک اور دردناک دن کہ جب انسانیت بھی شرماگئی اور ایک قیامت صغریٰ تھی جو پوری قوم پر ٹوٹ پڑی ، اس روز چھ دہشتگردوں نے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا اور قوم کے معصوم بچوں کو شہید کر دیا، اس واقعہ کو آج سات برس مکمل ہو چکے ہیں۔
16 دسمبر 2014 کو دہشتگردوں نے سکول میں داخل ہو کر معصوم بچوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں، بیگناہ بچے اور اساتذہ خون میں لت پت ہو گئے، درسگاہ کی دیواریں بارود کی بُو اور خون کے چھینٹوں سے آلودہ ہو گئیں۔ حملے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے سکول کا گھیراؤ کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چھ خودکش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا۔ درندہ صفت دہشتگردوں کے حملے میں 147 افراد شہید ہوئے جن میں 122 طلباء، 22 سکول سٹاف ممبر اور 3 سکیورٹی اہلکار شامل تھے۔
آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث چھ دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا، جنہیں ملٹری کورٹس نے موت کی سزائیں سنائیں اور چار دہشتگردوں کو 2015ء جبکہ ایک کو2017ء میں سولی پر لٹکا دیا گیا۔ اسی سانحے میں دو بھائیوں میں ایک شہید اور دوسرا شدید زخمی بھی ہوا۔ زندہ بچ جانیوالے بھائی کا کہنا ہے کہ اس المناک واقعہ نے اسے مشکل حالات سے لڑنے کا حوصلہ دیا۔ سانحے نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئی روح پھونکی، جس کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان تشکیل دے کر قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا۔
سانحہ اے پی ایس کی یاد میں آج لاہور میں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے آج شام 7 بجے لبرٹی گول چکر پر شمعیں روشن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ لاہور کے مختلف مقامات پر سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں دہشتگردی کے محرکات، عوام اور تدارک کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسزکا انٹیلی جنس بیسڈ جوائنٹ آپریشن، کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر ہلاک
مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے آج بعد نماز مغربین نمائش چورنگی پر دعائیہ اجتماع اور چراغاں منعقد کیا جائے گا جس میں شہر قائد کی نمایاں مذہبی ، سیاسی، و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔