اہم ترین خبریںدنیا

بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی، مزید پانچ کشمیری نوجوان شہید، وادی میں ہڑتال

شیعیت نیوز: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی عروج پر، مزید پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پانچ کشمیری نوجوانوں کوضلع کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے کلگام اورقریبی علاقوں کی ناکہ بندی کرکے لوگوں کوگھروں میں محصورکردیا۔ موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔

قابض بھارتی فورسزنے گھرگھرتلاشی کے دوران پانچ نوجوانوں کوگرفتارکرلیا۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں 2 روزمیں 9 کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔

ایک روزقبل بھارتی فورسزکی فائرنگ سے حیدرہ پورہ میں چارکشمیری نوجوان شہید ہوئے تھے۔ بھارتی فورسزنے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے شہدا کی لاشیں بھی خاندان کے حوالے نہیں کیں۔شہدا کے لواحقین لاشوں کے حصول کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔

حریت فورم نے حیدر پورہ میں کشمیریوں کی شہادت کے واقعے پر مقبوضہ کشمیر میں آج (جمعہ کو) مکمل ہڑتال کی کال دے دی۔حریت فورم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں حیدر پورہ میں شہید کشمیریوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے۔

حریت فورم کا کہنا ہے کہ کشمیری جعلی مقابلے میں شہید 5 شہریوں کے وحشیانہ قتل کے خلاف پرامن مظاہرے کریں، حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید کشمیریوں کے اہل خانہ پر گزرا سانحہ انتہائی اذیت ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کے حامیوں کو ساڑھے تین سال قید کی سزا

بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی میتیں واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی غاصب فوج نے 2 روز قبل 3 تاجروں اور ایک ڈاکٹر کو قتل کیا۔

بھارتی فورسز اب شہداء کا جسد خاکی واپس کرنے سے انکاری ہے۔ شہدا کے ورثا نے دوسرے روز بھی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت فوج نے شہدا کو ہندواڑہ کے جنگلات میں دفن کر دیا۔

دوسری جانب پاکستان نے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید 5 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شہدا کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ سے اب تک جعلی مقابلوں یا نام نہاد سرچ آپریشنز میں کم از کم 30 کشمیری شہید ہوئے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہری، خواتین، بچے اور بزرگ بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کئی واقعات میں شہید کشمیریوں کی میتیں لواحقین کے حوالے نہ کرنا قابل مذمت ہے، بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل ناقابل تردید حقائق کی بھی توثیق کرتا ہے، حقائق پاکستان نے حال ہی میں ایک جامع ڈوزیئر میں فراہم کئے تھے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button