مشرق وسطی

خطے کا ہر عرب ملک ایران کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، ایمن الصفدی کا دعویٰ

شیعیت نیوز: اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے کے تمام عرب ممالک ایران کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

لیبیا کے بارے پیرس میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد فرانسیسی چینل 24 کے ساتھ ایران کے بارے گفتگو میں ایمن الصفدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اردن کسی ملک کے ثالث کے ساتھ گفتگو نہیں کرتا بلکہ ہم نے براہ راست ایرانی حکومت کے ساتھ گفتگو کی ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے بھی حال ہی میں براہ راست میرے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی۔

اردنی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے اور ہم اچھی ہمسائیگی اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر خطے کی سطح کے اچھے تعلقات چاہتے ہیں جبکہ اس لحاظ سے ایران کے حوالے سے بہت سے مسائل پر نظر ثانی کی جانا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے صوبہ ہرمزگان میں 4۔6 کی شدت کا زلزلہ، اب تک 2 افراد جاں بحق اور 47 زخمی

عرب ای مجلے عمون کے مطابق ایمن الصفدی نے تاکید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ خطے کے تمام عرب ممالک ایران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تاہم اس امر کی وقوع پذیری شفاف باہمی تعلقات، ہمسایوں کے احترام اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کی پابندی پر منحصر ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ نے شام کی موجودہ صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اردن اس شامی بحران کے حل کے لئے جس نے نہ صرف شامی قوم بلکہ پورے خطے کے لئے بحران پیدا کر رکھا ہے، کوشاں ہے۔

ایمن الصفدی نے کہا کہ اردن شامی عوام کے رنج و الم کے خاتمے، اس ملک کی جغرافیائی سلامتی اور اس کے امن و استحکام کی بحالی کے لئے سیاسی راہ حل کا خواہاں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button