مشرق وسطی

شام سے ترک افواج نکلنے کا وقت آ پہنچا ہے، شامی وزیر خارجہ فیصل المقداد

شیعیت نیوز: شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے کہا ہے کہ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے تمام حصوں پر حکومتی رٹ قائم کرنے کا عزم راسخ کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں روس سمیت اپنے اتحادی ممالک کی مکمل اور نامحدود حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ شام اور دنیا کے بعض دیگر حصوں میں موجود دہشت گردی ترکی اور دیگر ممالک کو بھی متاثر کرے گی لہٰذا اس کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔ اسی وجہ سے ہم سمجھتے ہیں کہ اب ترکی کی جانب سے شام کے شمال مغربی علاقوں سے اپنی فوج نکال لینے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ترکی شام سے فوجی انخلاء کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کا موقع فراہم کرے۔

شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے ترک حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر عقلمندانہ فیصلہ کریں کیونکہ شام اپنی سرزمین آزاد کروانے کا عزم راسخ کر چکا ہے چاہے اس کیلئے پرامن طریقہ کار اپنانا پڑے یا کوئی اور ایسا طریقہ اختیار کرنا پڑے جس سے عالمی برادری بخوبی آگاہ ہے۔

فیصل المقداد نے کہاکہ میری نظر میں ترک عوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ شام کے ساتھ تعلقات میں پوشیدہ ان کے تاریخی مفادات دہشت گرد گروہوں کے ساتھ رجب طیب اردگان کے اتحاد سے کہیں زیادہ قیمتی اور اہم ہیں لہذا اس اتحاد کا خاتمہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں کہا کہ عرب ممالک شام کے دشمن نہیں ہیں بلکہ ہم سب کا اصلی دشمن اسرائیل کی غاصب صہیونی حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی جارحیت، فلسطینی شہداء کے قدیم ترین قبرستان کی قبریں مسمار

شام کے وزیر خارجہ فیصل المقدادنے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کی جانب سے ماضی میں اپنے بارے میں اپنائے جانے والے مؤقف سے چشم پوشی اختیار کر کے ان سے دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام کے بعض علاقوں میں بہت زیادہ تباہی پھیلی ہے اور اس تباہی میں بعض عرب ممالک اور عرب اداروں کی مالی امداد کارفرما رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی میں پھنس کر حال اور مستقبل سے غافل نہیں ہونا چاہتے۔

فیصل المقداد نے خطے کے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس حقیقت کو قبول نہیں کریں گے کہ جن قوتوں نے شام کو نقصان پہنچایا ہے وہ انہیں بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں تو وہ ہر گز ترقی کی جانب گامزن نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے شام کے مشرقی حصے میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی جانب بھی اشارہ کیا۔

فیصل المقداد نے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ ہمارے پاس امریکی فوجیوں کو اپنے ملک سے نکلنے پر مجبور کرنے کیلئے بہت سے راستے موجود ہیں لہذا انہیں ہمارا دوستانہ مشورہ ہے کہ وہ کوئی نقصان برداشت کئے بغیر ہی شام چھوڑ کر چلے جائیں۔ شام کی سرزمین مقدس ہے اور وہ شام حکومت کے پاس واپس لوٹ جانی چاہئے۔

انہوں نے بعض عرب ممالک اور ایران کے درمیان مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام عرب ممالک اور ایران کے درمیان بات چیت اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ اگر ایران چاہے گا تو ہم ان مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دمشق اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطے کو درپیش چیلنجز کا واحد راستہ عرب اور اسلامی اتحاد ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button