غزہ: اسرائیلی ڈرون حملے میں صحافی حسام المصری شہید، متعدد زخمی
ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ایمرجنسی وارڈ پر بمباری، طبی عملہ بھی نشانہ

شیعیت نیوز: صہیونی افواج نے جنوبی غزہ کے ناصر میڈیکل کمپلیکس کو براہِ راست نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی صحافی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق یہ حملہ پیر کی صبح ایک خودکش ڈرون کے ذریعے کیا گیا، جس نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب امدادی کارکن شہداء اور زخمیوں کو منتقل کرنے پہنچے تو اسرائیلی ڈرونز نے دوبارہ اسی مقام کو نشانہ بنایا تاکہ طبی عملے کو امداد فراہم کرنے سے روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی حکام کی جانب سے عراقی زائرین کی گرفتاری، بغداد میں مظاہروں کا اعلان
رپورٹوں کے مطابق اس حملے میں فلسطینی صحافی حسام المصری شہید ہوگئے جبکہ حاتم عمر اور محمد اشرف سلامہ نامی دو دیگر صحافی زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل اسرائیلی حملے میں الجزیرہ چینل کے چار صحافی شہید ہوگئے تھے، جن میں انس الشریف، محمد قریقع، ابراہیم ظاہر اور محمد نوفل شامل تھے۔ الجزیرہ نے اس حملے کو آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی تھی۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل اب تک غزہ میں 200 سے زائد صحافیوں کو شہید کر چکا ہے، جبکہ غیر ملکی صحافیوں کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ مبصرین کے مطابق اسرائیل کی یہ پالیسی حقیقت کو دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی منظم کوشش ہے۔