عراق

عراق، رحلت جاں گداز رسول خدا (ص) کی عزاداری میں 60 لاکھ سے زائد عزاداروں کی شرکت

شیعیت نیوز: نجف اشرف میں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت جاں گداز کی عزاداری کی گئی۔

بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق نجف اشرف میں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت جاں گداز کی عزاداری میں 60 لاکھ سے زائد عزادارزائرین نے شرکت کی۔

حرم مطہر حضرت امام علی (ع) کے متولی فائق الشمری کا کہنا ہے کہ یہ تعداد ان زائرین کی ہے جو حرم مطہر اور اس کے اطراف میں تھے۔ اگر نجف اشرف شہر کی بات کی جائے تو عزاداروں کی تعداد اس سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عزاداری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : یمنی رضاکار فورس انصار اللہ کا سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ

رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام سوگوار ہے ۔

تاہم اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے عزاداری کے مراسم طبی اصولوں کے مد نظر منعقد ہو رہے ہیں اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت اطہار علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔ عزادار، رسول اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو پرسہ دے رہے ہیں۔

پیر کی رات سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ 30 صفر المظفر تک یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت جاں گداز کی عزاداری کے موقع پر نجف اشرف اور اس کے اطراف میں زائرین کی حفاظت کیلئے حشد الشعبی کے 7 ہزار نوجوان تعینات ہوئے تھے۔

حشد الشعبی کے رہنما حسین العیساوی کا کہنا تھا کہ جس طرح اربعین حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر 17 ملین زائرین کی حفاظت کی گئی اسی طرح حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عزاداری کے موقع پر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ابھی تک کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button