سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سابق عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی اور اسپیکر پارلیمنٹ سے اہم ملاقات

24 اگست, 2025 14:28

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین و رکنِ سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے وفد کے ہمراہ عراقی سابق وزیراعظم عادل عبدالمہدی اور موجودہ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مذہبی و ثقافتی روابط اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی۔

بغداد میں ہونے والی اس ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم شعبۂ نجف کے صدر مولانا خاور عباس بھی شریک تھے۔ چیئرمین ایم ڈبلیو ایم اور ان کے وفد کی عراق کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے انتظامات و رابطے شعبہ امور خارجہ نے سرانجام دیے۔

اس دوطرفہ نشست میں حوزہ علمیہ نجف اشرف میں زیر تعلیم طلاب کرام کے مسائل اور زائرین امام حسین علیہ السلام کو درپیش مشکلات، خصوصاً پاسپورٹ سے متعلق عراقی پالیسی میں بہتری پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ عراق میں روزگار کے متلاشی پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل اور اقامت جیسے قانونی حقوق دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :

اس موقع پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سابق عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا اربعین حسینی کے موقع پر عظیم میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

مزید برآں، ایم ڈبلیو ایم وفد نے عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر محسن المندلاوی اور رکنِ پارلیمنٹ علی الساعدی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان و عراق کے تعلقات کے فروغ، عوامی و ثقافتی روابط، تجارتی تعاون اور توانائی کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ خاص طور پر پاکستانی زائرین کے مسائل، عراقی جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے مسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر محسن المندلاوی نے کہا کہ بصرہ سے گوادر تک آئل پائپ لائن کی بحالی، ریفائنریوں اور توانائی کے منصوبے دونوں ممالک کے لیے ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔ انہوں نے براہِ راست فضائی پروازوں میں اضافے اور پاکستانی کمپنیوں کو عراق کی تعمیرِ نو میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے پر زور دیا۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان اور عراق اسلامی اخوت کے رشتے میں جُڑے ہیں، تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی روابط میں وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل، خصوصاً فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں متحدہ مؤقف اپنانا ناگزیر ہے۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور عراق مشترکہ تعاون کے ذریعے نہ صرف تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلومین کی حمایت کے لیے بھی یکساں مؤقف اپنائیں گے۔

وفد میں مرکزی سیکرٹری امورِ خارجہ علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، چیف آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین سید ناصر عباس شیرازی اور علامہ خاور عباس شاہ شامل تھے۔

5:53 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔