سعودی عرب

ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پرامید ہیں، سعودی وزیر خارجہ بن فرحان

شیعیت نیوز: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ریاض تہران مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ، ریاض اور تہران کے درمیان بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے درمیان مثبت تعلقات علاقائی سلامتی، استحکام اور ترقی پر منتج ہوں گے۔

وزیرخارجہ کا ایران سے تعلقات کی بحالی کے بارے میں بات چیت سے متعلق یہ پہلا بیان ہے۔انھوں نے پیرس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’’ہم نے ابتدائی بات چیت کا عمل شروع کیا ہے۔یہ ابھی بالکل ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن ہم اس کے بارے میں پُرامید ہیں۔‘‘

ان سے جب پوچھا گیا کہ ’’جون میں ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے سعودی عرب سے مذاکرات پر کیا اثرات مرتب ہوں گے تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے اثرات کم سے کم ہوں گے۔‘‘

فیصل بن فرحان نے امید ظاہر کی کہ تہران کے ساتھ مذاکرات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : 122 علمائے بحرین کا ملت فلسطین اور بیت المقدس کی حمایت کا اعلان

عراق میں ایران اور سعودی عرب کے حکام کے درمیان گذشتہ قریباً ڈیڑھ ایک ماہ سے دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے مذاکرات ہورہے ہیں۔عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی اس مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔

اس سے پہلے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ریاض تہران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے 7 مئی کوایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کا مقصد علاقائی کشیدگی کا خاتمہ ہے لیکن ساتھ ہی اس نے یہ کہا تھا کہ ان کے حاصلات کے بارے میں کوئی نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ نے سعودی ولی عہد کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالم اسلام اور خطے کے دو اہم ملکوں کی حیثیت سے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کا خاتمہ اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button