آئمہ جمعہ و جماعت کے نام خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کا اہم پیغام
یہ مظلوم لوگ سالوں سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ان کو صرف تسلیوں کے سوا کچھ نہیں بتایا جا رہا

شیعیت نیوز: آئمہ جمعہ و جماعت کے نام خانوادہ اسیران ملت جعفریہ نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔جس کا متن درج ذیل ہے۔
محترم علماء کرام! السلام علیکم!
قرآن اور معصومین علیہم السلام کی تاکید ظلم اور ظالم سے متعلق اظہر من الشمس ہے –
جناب عالی! آپ کی ملت کا مظلوم ترین طبقہ یعنی شیعہ مسنگ پرسنز کا ہے جوکہ سالوں سے اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں لیکن ان کو کوئی خبر نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں – یہ مظلوم لوگ سالوں سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ان کو صرف تسلیوں کے سوا کچھ نہیں بتایا جا رہا – اب تک اس سلسلے میں تین تحریکیں چل چکی ہیں جس میں کچھ لوگ بازیاب بھی ہوۓ لیکن یہ جو کہ ان تحریکوں میں شامل رہے اب تک اپنے عزیز کی کوئی خیر خبر نہ پا سکے.
یہ بھی پڑھیں: شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کا مطالبہ، سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
یہ چوتھی تحریک ہے جو شیعہ مسنگ پرسنز کمیٹی نے گزشتہ دو سال سے شروع کی ہوئی ہے اور مقتدر اداروں سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں – اس دوران تمام تر مطلوبہ معلومات اور وقت دینے کے باوجود ہماری فہرست میں موجود کچھ لوگ بازیاب ہوسکے لیکن پورے پاکستان میں اب بھی 33 وہ لوگ ہیں جو ڈیڑھ سال سے 10 سال کی مدت سے لاپتہ ہیں –
ان میں سے کچھ ایسے ہیں جن کے والدین دروازوں پر نظریں لگاۓ اس دنیا سے چلے گئے، کچھ شدید بیماری اور کمزوری کی زندگی گزار رہے ہیں –
کچھ معصوم بچے اپنے باپ کی جدائی اور اس کیفیت میں مبتلا ہو کر عارضہ قلب میں مبتلا ہو چکے ہیں –
بیویاں اپنے بچوں کے معصوم سوالات کا جواب دے دے کر تھک چکی ہیں –
خلاصہ یہ کہ ان کے صبر کی طاقت ختم ہو چکی ہے اور وہ اب یہ چاہتے ہیں کہ اب کچھ ایسا کرنا چاہیے کہ یہ مسئلہ پوری طرح حل ہوجائے-
یہ بھی پڑھیں: ممتاز عالم دین علامہ محمد عون نقوی مرحوم آہوں اورسسکیوں کےساتھ وادی حسین ؑ میں سپرد خاک
لہٰذا مسنگ پرسنز کمیٹی نے ان ستم دیدہ فیملیز کے اصرار پر قائد آعظم کے مزار پر گزشتہ چودہ دنوں سے دھرنا دیا ہوا ہے –
ہم سب کا دینی، اجتماعی و انسانی وظیفہ ہے کہ ان مظلوموں کی اس تحریک میں بھرپور ساتھ دیں- لہٰذا ہماری آپ علماء کرام سے گزارش ہے کہ آپ جس شہر یا مسجد میں ہیں وہاں اس پر آواز اُٹھائیں اور جس سطح پر بھی احتجاج کرسکتے ہوں احتجاجی اجتماعات کرکے اس مظلومیت کی آواز میں قوت اور طاقت پیدا کریں –
خداوندا متعال آپ کا حامی و ناصر ہو اور مظلوموں کے آقا و مولا امام زمان کے ظہور میں تعجیل عنایت فرمائے –
والسلام
منجانب: جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز