سعودی عرب

سعودی عرب میں نئے قواعد وضوابط، بیت اللہ شریف کو چھونے پر پابندی عائد

شیعیت نیوز: سعودی عرب میں نئے قواعد وضوابط کے تحت طواف کے دوران بیت اللہ شریف (خانہ کعبہ) کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حرمین شریفین امور کے سربراہ و امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے مسجد حرام میں تراویح کی تعداد اور اعتکاف سے متعلق نئے احکامات جاری کردیے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں مقدس مساجد کے انتظامی سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان 1442 کے لیے ایس اوپیز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مسجد الحرام میں مطاف عمرہ کا اجازت نامہ رکھنے والے متعمرین کے لیے کھلا ہوگا تاہم مطاف میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی اورعمرہ معتمرین کو چاہیے کہ مسجد الحرام یا مسجد نبویؐ آنے سے قبل کورونا وائرس کی ویکسی نیشن بھی کروالیں۔

امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد حرام میں نماز تراویح 10 رکعات پر مشتمل ہوگی جبکہ مسجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔ تراویح کے ساتھ تہجد اور وتر کی اجازت ہوگی۔ رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کو عبداللہ توسیع، پہلی منزل، چھت اور صحن تک محدود کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران ایک فون کال پر اپنی پالیسی بدل لینے والا ملک نہیں ، چینی وزیرخارجہ

مطاف عام لوگوں کیلئے بند ہوگا اور صرف عمرہ زائرین کو وہاں جانے کی اجازت دی جائے گی تاہم عمرہ زائرین کو بیت اللہ شریف کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔مسجد حرام میں داخلے کی اجازت صرف خصوصی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ممکن ہوگی ۔

حرمین شریفین کی مساجد میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ صرف ان لوگوں کو مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس اجازت نامہ ہوگا۔

مسجد حرام میں اجتماعی کے بجائے انفرادی افطاری تقسیم کی جائے گی۔ زم زم کی بوتلیں بھی عملے کے ذریعے انفرادی طور پر مہیا کی جائیں گی۔

حرمین شریفین میں صرف کھجور کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی باقی ہر قسم کی خوراک تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔ حرمین شریفین کی دونوں مساجد میں اعتکاف پر پابندی ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button