ایران

پابندیوں کے باوجود دفاعی سازوسامان کی پیداوار میں ایران خودکفیل ہو گیا ہے، رضا تنگسیری

شیعیت نیوز: ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کی بنا پر تہران دفاعی سازوسامان کی تیاری میں خودکفیل ہو گیا ہے۔

ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے جنوبی ایران میں واقع جاسک بندرگاہ میں بحری فوجی مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے معین کردہ نئے ایرانی سال کے سلوگن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ اقتصادی مشکلات و مسائل پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اقتصادی پابندیاں دشمن کا آخری ناکام حربہ ہے اور اس کو بھی شکست سے دوچار اور اس راہ کو رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کی بدولت بآسانی طے کر لیا جائے گا۔

سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے امریکہ کی آمرانہ ماہیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں سے ایران میں امن و استحکام اور پابندیوں کے باوجود ایران کی اقتصادی ترقی نیز سائنسی پیشرفت اور اسی طرح عالمی سطح پر ایران کو حاصل عزت، بالکل برداشت نہیں ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سخت ترین پابندیوں کے باوجود ایران دفاعی شعبے میں خودکفیل ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے ہجری شمسی کیلنڈر کے نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں نئے ایرانی سال کو کورونا وائرس کی وبا اورامریکہ کے سخت ترین دباؤ، دونوں کے مقابلے میں ملت ایران کی توانائیوں کے اجاگر ہونے کا سال قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں معاشی دہشت گردی کی واضح مثال ہیں، باقر قالیباف

دوسری جانب ایران کی بری فوج کے کوآرڈینیٹر ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری خبررساں ایجنسی ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج نے حالیہ برسوں کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر دشمن کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہیں اور ہم وقت کے تقاضوں اور خطرات کے مطابق خود کو آمادہ کرتے آئے ہیں۔

ریئرایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایرانی فوج ہر وقت اور ہر مقام پر، انقلاب اسلامی اور ملک کی ارضی سالمیت کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایرانی فوج کے کوآرڈینیٹر نے فوجی مشقوں کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد اسلامی انقلاب اور ملک کی ارضی سالمیت کے دفاع کے لیے خود کو آمادہ رکھنا اور دشمن کو یہ بتانا ہے کہ اگراس نے جارحیت کی کوشش بھی کی تو اسے سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button