دنیا

اسرائیلی فضائی حدود کی بندش، بنیامن نیتن یاہو کا دورہ متحدہ عرب امارات اور بحرین ملتوی

شیعیت نیوز: اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کا رواں ماہ طے شدہ دورہ کورونا وائرس کے پیش نظر سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نے ابوظبی اور مناما کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا جو گذشتہ سال ستمبر میں خلیجی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔

اسرائیل نے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ستمبر میں سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ کئی ماہ سے اسرائیل کے نئے پارٹنر ممالک کا دورہ کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ یہ اسرائیل کے وزیراعظم کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا تاہم یہ دورہ ہر بار ملتوی ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سوڈان میں اسرائیل سے معاہدہ کرنے کےخلاف مظاہرے، اسرائیلی پرچم نذرآتش

جمعرات کو نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے ابوظہبی اور بحرین کے دورے کی اہمیت کے باوجود وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے سفری پابندیوں کے باعث یہ دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسرائیل نے کورونا وائرس کی نئی قسم کو روکنے کے لیے گذشتہ ماہ اپنے ایئرپورٹ کو فضائی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا تھا۔

دوسری طرف اسرائیلی وزارت صحت کی طر ف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی ریاست میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 8 ہزار 261 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے شبے میں 92 ہزار 958 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے تھے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست میں کورونا کے نئے کیسز کا تناسب 9 اعشاریہ2 فی صد ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔ ادھر صیہونی ریاست میں کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اب تک 4 ہزار 816 صیہونی کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسرائیل میں کورونا کے  فعال کیسز کی تعداد 71 ہزار 618 ہے۔ 1094 کی حالت تشویشناک جب کہ 316 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button