سعودی عرب

سعودی عرب امریکی صدارتی انتخابات کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرے گا

اسرائیل کے بیرون ملک انٹیلی جنس آپریشن کے ذمہ دار بدنام زمانہ ادارے ‘موساد’ کے ڈائریکٹر یوسین کوھین نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 3 نومبر کو امریکا میں‌ ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔

عبرانی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق یوسی کوھین کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کی منتظر ہے۔ امریکی انتخابات کے بعد سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان جیتنے والے امریکی صدر کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔ چاہے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوں یا ان کے حریف جوبائیڈن کو کامیابی حاصل ہو۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ کئی ماہ سے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں۔ اسرائیلی ہوائی جہاز مشرق وسطیٰ کے ممالک اور دوسرے ملکوں کے سفر کے لیے سعودی عرب کی فضا کو آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔

یوسی کوھین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد سعودی عرب اور امریکا کے درمیان اسلحہ کی ایک بڑی ڈیل بھی ہونے جا رہی ہے۔ امریکا سعودی عرب کو وہ تمام ہتھیار فروخت کرسکے گا جو اسرائیل کے تحفظات کی وجہ سے اس سے قبل الریاض کو فروخت نہیں کیے جا سکے۔

بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

متعلقہ مضامین

Back to top button