مشرق وسطی

شام میں سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا سرغنہ ہلاک

شیعت نیوز: عراق اور شام میں سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا ایک اور سرغنہ شام میں عراق کے حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

المیادین کی رپورٹ کے مطابق عراق کی فضائیہ نے شام کے شہر دیرالزور میں حملہ کر کے سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ایک اور سرغنہ ابوعلی العزاوی کو ہلاک کر دیا ہے۔

ابوعلی العزاوی عراق کے دارالحکومت بغداد اور الانبار میں داعش کی عسکری ونگ کا کمانڈر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس حملے میں داعش کا ایک اور دہشت گرد سرغنہ بھی ہلاک ہوا ہے تاہم ابھی تک اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ منگل کے روزعراق کی انسداد دہشت گردی فورس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے سابق سرغنہ ابو بکر البغدادی کے معاون معتز نومان عبد نایف نجم الجبوری ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا ہے۔ عراق کی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ابو بکر البغدادی کے معاون کو خصوصی اطلاعات ملنے کے بعد ایک کارروائی کرکے ہلاک کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : شام میں داعش نے قبور حضرت عمر بن العزیز واہلیہ کی بے حرمتی کر ڈالی

چند روز قبل عبدا لناصر قرداش کی گرفتاری عمل میں آئی تھی اور ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد جن لوگوں کو اس کا جانشین نامزد کیا گیا تھا ان میں عبدالناصر قرداش کا نام بھی شامل تھا۔

دوسری جانب امریکہ نے شمال مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کے لئے بڑی تعداد میں فوجی ساز و سامان روانہ کئے ہیں۔

اسپوٹنک نیوز ایجنسی نے پیر کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ نے شمال مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کے شہر الشدادی کے لئے پچاس ٹرکوں پر فوجی سا ز و سامان اور ہیلی کاپٹر روانہ کر دیئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق الحسکہ کے تیل کے کنوؤں کے قریب فوجی ساز و سامان کی نئی کھیپ بھیجنے سے امریکہ کا مقصد علاقے میں اپنے فوجی اڈوں کو مضبوط بنانا اور شام پر دباؤ ڈال کر اسے سینچری ڈیل تسلیم کرنے پر مجبور کرنا ہے۔

دہشت گردوں کے چنگل سے شمال مشرقی شام کے شہر رقہ کی آزادی کے بعد سے امریکہ ایک بار پھر دہشت گرد گروہوں کو اس علاقے پر قابض کرانا چاہتا ہے۔ الحسکہ کے مضافات میں واقع الدشیشہ اور القاہرہ دیہاتوں کے عوام گذشتہ دنوں بھی اپنے علاقے سے امریکی فوجی کانوائے کو گزرنے سے روکتے اور اپنے ملک میں غیرملکی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button