اہم ترین خبریںپاکستان

امریکہ کی کشمیر ثالثی بھی فلسطینی امن منصوبے کی طرح دھوکہ ہے،علامہ سید ساجد نقوی

ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی مسلسل مداخلت کی وجہ سے چند مسلم ریاستیں امریکہ کے ساتھ کھڑی ہیں

شیعت نیوز: شیعہ علماءکونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی نے کہاہے کہ امریکہ کی کشمیر پر ثالثی بھی فلسطینی امن منصوبے کی طرح دھوکہ ہے،ٹرمپ جس طرح مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی تھانیداری قائم کرنا چاہتاہے اسی طر ح جنوبی ایشیا میں قابض بھارتی ریاست کو دوام بخشنے کیلئے کوشاں ہے، کشمیر کشمیریوں کا اور فلسطین فلسطینی عوام کا ہے، سرزمین فلسطین پر کسی غیر کو بٹوارے کا کوئی حق نہیں،مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینیوں کے استصواب سے ہی ممکن ہے، افسوس کچھ مسلم ریاستیں امریکہ کے ساتھ کھڑی ہیں، اتنی کمزور کہ اب اپنے اصولی موقف پر بھی قائم رہنا ان کیلئے مشکل ہوگیا، امریکی نام نہاد امن منصوبہ صدی کا سب سے بڑا دھوکہ ہے، یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کیساتھ مسئلہ کشمیر کے ساتھ مسئلہ فلسطین کو بھی بھرپور اجاگر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیل آف سینچری ،عالم عرب کے شیوخ کی حمایت اور ایک عجمی کا انکار

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں بلکہ منافقانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے اسی طرح وہ مسلم امہ کا بھی خیرخواہ نہیں جس کی سب سے بڑی اور واضح مثال اس کی نام نہاد ”ڈیل آف سنچری“کے ذریعے مقدس فلسطینی سرزمین کے بٹوارے کا منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی میں صدی معاملے کے خلاف امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے کے باہر مظاہرہ

انہوں نے کہاکہ کسی غیر فلسطینی کو کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کرے، ٹرمپ جب قابض صیہونی وزیراعظم کو ساتھ بٹھا کر مظلوم فلسطینیوں کے حوالے سے نام نہاد تقدیر لکھ رہے تھے تو اس وقت فلسطینیوں یکسر نظرانداز کردیا اور ان کی غیر موجودگی میں اپنافیصلہ مسلط کرنے کی کوشش ہے اس سے بڑی جارحیت اور استعماریت کیا ہوگی؟

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا شیطانی سینچری ڈیل منصوبہ کبھی پورا نہیں ہوگا آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ جس طر ح کشمیر میں بھارتی فوج قابض ہے اور طاقت کے بل بوتے پر کشمیر نام نہاد سیکولر ریاست کے حوالے نہیں کیا جاسکتا اس کیلئے کشمیری عوام کی امنگیں اور استصواب رائے ضروری ہے بالکل اسی طرح ہم موقف رکھتے ہیں کہ فلسطین کے مقدر اور مستقبل کا فیصلہ کوئی ناجائز ریاست یا کوئی استعماری ریاست نہیں بلکہ خود فلسطینی عوام اپنے استصواب کے ذریعے کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نےفلسطین مخالف امریکی اسرائیلی ڈیل آف سینچری کو مسترد کردیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی مسلسل مداخلت کی وجہ سے چند مسلم ریاستیں امریکہ کے ساتھ کھڑی ہیں، اب ان میں اتنی سکت بھی باقی نہیں رہی کہ وہ کم از کم اپنے اصولی موقف پر ہی قائم رہیں، انہوں نے کہاکہ ہم سنجیدہ حلقوں اور ارباب اختیار کو متوجہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ کی ثالثی مسترد کردیا جائے کیونکہ امریکہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کو بھی ایسے ہی دھوکہ دینا چاہتاہے جس طرح اس نے فلسطینی عوام کو نام نہاد منصوبے کے نام پر صدی کا سب سے بڑا دھوکہ دیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ صورتحال میں یوم یکجہتی کشمیر کو مزید بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے ساتھ مسئلہ فلسطین کو بھی اجاگر کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button