عراق

عراق: غیر ملکی آئل کمپنی کے صدر دفتر کے قریب راکٹ حملہ، دو ملازمین زخمی

شیعت نیوز: عراقی پولیس نے بتایا ہے کہ بدھ کو صبح سویرے بصرہ شہر میں ایک غیر ملکی آئل کمپنی کے صدر دفتر پر راکٹ گرنے کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔ واقعے میں کمپنی کے دو عراقی ملازمین زخمی ہو گئے۔

عراقی پولیس نے بتایا ہے کہ یہ راکٹ ایکسن موبل کمپنی کے ملازمین کی رہائش گاہ اور ورکنگ فیلڈ سے محض سو میٹر کے فاصلے پر گرا ہے۔

متعلقہ ذمے داران کے مطابق بصرہ میں دھماکے کے مقام پر کام کرنے والی غیر ملکی آئل کمپنیوں میں ایکسن موبل، شیل اور انی شامل ہیں۔

تیل کے شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے بصرہ شہر کے قریب غیر ملکی آئل کمپنی کے دفتر میں تین دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

دوسری جانب امریکی کمپنی ایکسن موبل نے اعلان کیا ہے کہ وہ راکٹ حملے کے بعد اپنے 20 غیر ملکی ملازمین کو بصرہ سے نکال لینے کا اردہ رکھتی ہے۔

عراقی ذمے داران کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے کے باعث عراق کے جنوب میں آئل آپریشنز اور تیل کی برآمد کا عمل متاثر نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ ایکسن کمپنی نے 18 مئی کو عراق میں غرب القرنہ 1 آئل فیلڈ سے اپنے تمام غیر ملکی ملازمین کو نکال کر کر دبئی منتقل کر دیا تھا۔

یہ اقدام عراقی سیکورٹی فورسز کی جانب سے متعدد غیر ملکی کمپنیوں کو جاری انتباہ کے بعد سامنے آیا۔

امریکا نے عراق میں اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے بغداد میں امریکی سفارت خانے سے مطالبہ کیا تھا کہ غیر ضروری عملے کو روانہ کر دیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button