عراق

عراق : بغداد کے شمال میں امریکی عسکری کیمپ پر راکٹ سے حملہ

شیعت نیوز: عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں التاجی عسکری کیمپ پر 3 کیٹوشیا راکٹ گرے۔ واضح رہے کہ اس کیمپ میں امریکی فوجی بھی ہوتے ہیں۔

ایک عسکری ذریعے نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ راکٹ باری کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذریعے نے مزید بتایا کہ واقعے کے دوران اڈے پر امریکی شعبے میں خطرے کے سائرن بج گئے تھے۔

ابھی تک کسی جانب سے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔

مذکورہ عسکری کیمپ سے قبل ایک فوجی اڈے پر مارٹر گرینیڈز بھی گر چکے ہیں۔ اس اڈے میں امریکی فوجی مشیر موجود ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس سے قبل بغداد کے گرین زون کے اندر امریکی سفارت خانے کے اطراف بھی راکٹ داغے جا چکے ہیں۔

التاجی عسکری کیمپ دارالحکومت بغداد سے 35 کلو میٹر شمال میں واقع ہے۔ یہاں ایک ایئرپورٹ اور ایک بڑا فوجی اڈہ ہے۔ سابق صدر صدام حسین کے دور میں یہ رپبلکن گارڈز کے زیر انتظام تھا۔

کیمپ میں 250 امریکی فوجی ہوتے ہیں۔ یہاں تمام اقسام کے فوجی طیاروں کی مرمت کے ورکشاپس موجود ہیں۔ ان کے علاوہ میزائلوں، فوجی ساز و سامان اور گولہ بارود کے ذخائر بھی شامل ہیں۔

یہ لوجسٹک سپورٹ کے حوالے سے ایک اہم مرکز شمار ہوتا ہے۔ یہاں 53 فوجی گاڑیاں موجود ہیں جن میں فوجیوں کی منتقلی کی بسیں، بکتر بند گاڑیاں اور فوجی ٹینک شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button