پاکستان

اسلام اور پاکستان میں دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، پیرمعصوم شاہ

پیر معصوم نقوی نے کہا کہ افواج پاکستان کی ملک کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ہم چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں افواج پاکستان کے نڈر سپاہی وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کر رہے ہیں

شیعت نیوز: جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ مولانا عبدالستار خان نیازی مرحوم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور جابر حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ وہ قادیانیت کیلئے ننگی تلوار اور عشق مصطفی سے سرشار تھے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ مسلم لیگ اپنے اصولوں پر برقرار نہیں رہی تو انہوں نے پاکستان کی بانی جماعت کو بھی خیر باد کہہ دیا اور جمعیت علمائے پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی اور پھر تاحیات اسی جماعت سے وابستہ رہے۔

مولانا شاہ احمد نورانی کیساتھ اختلاف کے بعد صلح بھی ہو گئی لیکن انہوں نے اصول پرستی کا ساتھ نہیں چھوڑا، وہ نڈر سیاسی رہنما تھے، جنھوں نے اپنی سیاست کا آغاز زمانہ طالبعلمی سے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے کیا۔ مولانا عبدالستار نیازی کو عہدوں کی بجائے اسلام سے محبت رہی اور انہوں نے ہمیشہ اسلام کیساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا، وہ چاہتے تو دولت بھی بنا سکتے تھے لیکن زندگی بھر اسلام اور پاکستان کیلئے زندگی وقف کر دی اور آپ نے شادی بھی نہیں کی، سادہ زندگی گزاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے کامیاب دورہ ایران نے خوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ہے، پیر معصوم شاہ

انہوں نے کہاکہ مولانا عبدالستار خان نیازی کی سیاست اور ان کا طرز عمل عاشقان مصطفی کیلئے قابل تقلید ہے اور جمعیت علماء پاکستان نیازی ہمیشہ ان کے نقش قدم پر چلتی رہے گی، دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی اسلام اور پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کریں گے، جانوں کی قربانی دے کر بھی نظام مصطفی کا نفاذ اور مقام مصطفی کا تحفظ ہی ہماری سیاسی جدوجہد کا محور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک پاکستان اور تحریک ختم نبوت کے رہنما مولانا عبدالستار خان نیازی کے 18 ویں عرس مبارک کی مناسبت سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں مجاہد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دیگر مقررین میں صاحبزادہ محی الدین محبوب کاظمی،خواجہ معین الدین کوریجہ، علامہ افتخار نقوی، کالم نگار اجمل نیازی، شاہد رشید، پیر دیوان عظمت، جلیل احمد شرقپوری،دیوان محی الدین، ڈاکٹر امجد چشتی ،پیر اختر رسول، شفیق بٹ، زبیر نیازی، امیر سلطان چشتی، عقیل حیدر شاہ اور دیگر شامل تھے۔

کانفرنس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ افواج پاکستان کی ملک کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ہم چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں افواج پاکستان کے نڈر سپاہی وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کر رہے ہیں۔ افغانستان سے دہشتگردوں کے حملے کو بھی پاکستانی فوج نے ناکام بنایا ہے اور جو باڑ افغانستان بارڈر پر لگائی جا رہی ہے، خوش آئند ہے۔ اس سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے کارندوں کو روزگاردینا ان کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے،پیر معصوم شاہ نقوی

پیر محی الدین محبوب کاظمی کا کہنا تھا مولانا عبدالستار نیازی کا طرز سیاست ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہم ان کی تحریک ختم نبوت کے اصولوں پر پہرا دیں گے۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ مولانا عبدالستار نیازی اور شاہ احمد نورانی جیسے لیڈر پھر نظر نہیں آئے۔ جے یو پی نیازی کے چیف آرگنائزر امیر سلطان چشتی واضح کیا کہ احمد عمران نقشبندی نامی شخص کا جمعیت علما پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button