پاکستان

نئے مرکزی صدر کے انتخاب کیلئےآئی ایس او کے سالانہ کنونشن کا آغاز کل سے ہو گا،تیاریاں مکمل، قافلے پہنچنا شروع

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن کا آغاز جمعہ سے ہوگا کنونشن 3 روز تک جاری رہے گا۔ کنونشن کے سلسلہ میں المصطفی ہاؤس لاہور میں مرکزی صدر انصر مہدی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی عہدیدران نے شرکت کی۔ چیئرمین کنونشن جمیل طوری نے اجلاس کے شرکا کو کنونشن کی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آغاز سکاؤٹ سلامی سے ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کے گوش و کنار سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے گلگت بلتستان ڈویژن سے قافلے لاہور میں پہنچ چکے ہیں۔ شرکا کے استقبال کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ اور ریلوے سٹیشن پر استقبالیہ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔

چئیرمین کنونشن نے پہلے روز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کنونشن کے پہلے روز شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر امامیہ سکاوٹس سلامی جبکہ رات گئے شب شہداء منعقد ہوگی۔ مرکزی صدر آئی ایس او انصر مہدی ور امامیہ چیف سکاوٹ زاہد مہدی مرقد شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے، کنونشن تنظیم کے بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر منعقد ہوگا جو تین روز تک جاری رہے گا، طلبا میں تعلیم و تربیت کے جذبے کو فروغ دینے کیلئے مختلف سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ کنونشن میں ڈویژنز اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کریں گے اور احتساب کا عمل بھی ہوگا۔ اجلاس میں مشترکہ طور پہ طے پایا کہ اتوار کو لاہور میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور ملک میں جاری دہشتگردی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں استحکام پاکستان ریلی کے انتظامات کا حتمی جائزہ بھی لیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button