مولانا سمیع الحق کے قتل میں داعش ملوث ہوسکتی ہے، علامہ مبارک موسوی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی کا کہنا ہے کہ جی یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے بیہمانہ قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب مولانا کے اہلخانہ کیساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کے پیچھے داعش اور داعش کے بنانے والے بیرونی سازشی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں، تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کی کوششوں کو سبوتاژ کیا جا سکے۔ مبارک موسوی نے کہا کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا، جب طالبان اور پاکستان کے درمیان حالات بہتری کی جانب جا رہے تھے اور امریکہ افغانستان کو طالبان کے حوالے کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش ایسے حملے کرکے پاکستان سمیت وسطی ایشیا میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہے، جو کہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ریاستی اداروں اور سکیورٹی ایجنسیوں کو چاہیئے کہ ملک میں داعش کیخلاف فوری طور پر بڑی سطح کا آپریشن کریں، ایم ڈبلیو ایم ظالم کیخلاف اور مظلوم کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی۔








