آیت اللہ سیستانی کا حشد الشعبی کو اہلسنت خاندانوں کے تحفظ کا حکم
شیعیت نیوز:عراق کے ممتاز شیعہ مرجع آیت اللہ سیستانی نے مجمع تقرب مذاہب کے سربراہ سے ملاقات میں شیعہ سنی اتحاد کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عراق میں حشد الشعبی کو اہلسنت خاندانوں کے تحفظ کا حکم دیا، سنی خاندانوں کی حفاظت ہمارا مذہبی اور دینی فریضہ ہے۔عراق میں شیعوں اور سنیوں نے باہمی اتحاد سے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔ آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ موصل میں اکثریت سنیوں کی ہے لیکن انتخابات میں موصل کے سنیوں نے ایک شیعہ نمائندے کو ووٹ دیکر کامیاب بنایا جو عراق میں شیعہ اور سنی اتحاد کا بہترین نمونہ ہے۔آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ داعشیوں کے ظلم و ستم سے بچانے کے لئے اہلسنت خاندانوں کے تحفظ کے لئے حشد الشعبی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اہلسنت بھائیوں کا داعش کے مقابلے میں تحفظ کریں اور سنی بھائیوں کی ڈھال بن جائیں۔ آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ عراق میں شیعہ اور سنی نے باہمی اتحاد کے ذریعہ دشمن کے تمام ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔








