دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششیں جاری رکھی جائیں
شیعیت نیوز: کورکمانڈرزنے انتخابی عمل میں بھرپورشرکت اور قومی فریضے کی انجام دہی میں مسلح افواج کی بھرپور حمایت پر پاکستان کی بہادر عوام کا شکریہ اداکیاہے۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی معاونت پر آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کو سراہا گیاجبکہ انتخابی عمل کے دوران شہید و زخمی ہونے والوں کو خراج تحسین پیش اورافغانستان کے ساتھ فوجی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 212ویں کور کمانڈر کانفرنس بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی ۔فورم نے جیو اسٹریٹجک صورتحال ،علاقائی امن اورملک کی داخلی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو ہدایات دیں کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششیں جاری رکھی جائیں ۔کورکمانڈر کانفرنس نے علاقائی سلامتی کے لئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سٹیبلٹی (اے پی اے پی پی ایس) کے تحت افغانستان کے ساتھ فوجی سطح کی بات چیت میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔فورم نے الیکشن کے انعقاد کے لئے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر اور فیلڈ فارمیشنز کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرنے کے عمل کو سراہا ۔فورم نے انتخابی عمل کے دوران شہید و زخمی ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔کانفرنس کے شرکا نے الیکشن کے قومی فریضے کی انجام دہی اور مسلح افواج کے ساتھ تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔








