مشرق وسطی

اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل میں جائیں گے: عرب لیگ

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کے خلاف منظم جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور ان جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل سے تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم پر ویٹو کیا تو ہم تحقیقات کے لیے جنرل اسمبلی میں جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عرب لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس میں بھی یہ طے پایا ہے کہ اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل اور اس کے بعد جنرل اسمبلی سے رجوع کیا جائے گا۔

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ القدس کے بارے میں امریکی فیصلے کے رد عمل میں آنے والے دنوں میں تزویراتی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ناممکن ہے کہ سعودی عرب قضیہ فلسطین کے حوالے سے کوئی منفی کردار ادا کرے۔ سعودیہ نے ہمیشہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button