مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی،2017ء میں سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی محکمہ اوقاف کے سربراہ نے بتایا ہے کہ گذشتہ برس یہودی آبادکاروں کے ہاتھوں قبلہ اول کی بے حرمتی کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ عزام الخطیب نے بتایا کہ 2017ء کے دوران 26 ہزار سے زائد یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول کا تقدس اور اس کی حرمت پامال کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں موجود یہودی ربیوں کی مذہبی تعلیمات اور فتاویٰ نے یہودیوں کے قبلہ اول پردھاووں میں اضافہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی ریاست، فوج اور تمام سیکیورٹی ادارے بھی یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول میں داخل ہونے میں مکمل مدد فراہم کررہے ہیں۔
الشیخ عزام الخطیب نے خبردار کیا کہ صہیونی ایک سازش کے تحت بیت المقدس کے مذہبی اور اسلامی اسٹیٹس کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ پر بڑھتے حملوں کے خطرناک نتائج سامنے آسکتےہیں۔







