دشمن کے مہنگے ہتھیار سستے ڈرونز سے بے اثر کر دیں گے، میجر جنرل عبداللہی
شیعیت نیوز : ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور پشیمان کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا، اور ایران سستے مگر مؤثر آلات کے ذریعے دشمن کے مہنگے اور جدید ہتھیاروں کو بے اثر کر دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی طاقت بڑھاپے کا شکار ہو چکی، ٹرمپ کچھ نہیں کر سکتا، میجر جنرل عبداللہی
میجر جنرل عبداللہی نے ایرانی فوج کے ڈرون سازی کے بعض مراکز اور ان کی کامیابیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے ڈرون سازی کے درجنوں مراکز میں سے ایک مرکز میں جو کچھ دیکھا وہ تیاری، جذبے اور نئی اختراعات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ماہرین نے جو ڈرونز تیار اور اپ گریڈ کیے ہیں وہ سابقہ اقسام سے زیادہ ترقی یافتہ اور نئی صلاحیتوں کے حامل ہیں، اور گزشتہ دو جنگوں کے تجربات کی روشنی میں ایران مستقبل میں دشمن کی جارحیت کا زیادہ مضبوط جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن جدید اور مہنگے آلات و اسلحے سے لیس ہے، اس لیے ضرورت پڑنے پر مختلف طریقوں اور غیر متناسب آلات کے ذریعے اس کا جواب دیا جائے گا، جیسا کہ گزشتہ دو جنگوں میں ہوا۔ ان کے مطابق یہ صورتحال دشمن کے لیے پریشان کن، تشویشناک اور بھاری اخراجات کا باعث ہوگی۔
میجر جنرل عبداللہی نے دفاعی خود کفالت کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جس پر چلنے کی ہدایت شہید رہبر نے دی تھی۔ انہوں نے دشمنوں کو پیغام دیا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے متعین کردہ راستے کے مطابق ملک کی سرزمین اور انقلاب اسلامی کی اقدار پر حملہ کرنے والی ہر طاقت کے خلاف سنجیدہ اور فیصلہ کن کارروائی کریں گی، اور دشمن کے جرائم نے ایرانی قوم اور مسلح افواج کے عزم مزاحمت کو مزید مضبوط کیا ہے۔







