وفاقی وزیر داخلہ سینیٹ کو بتائیں کہ ناصر شیرازی کہاں ہیں؟ سینیٹرکامل علی آغا
شیعت نیوز:مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹر ی جنرل ناصر عباس شیرازی کی گمشدگی کی آواز پاکستان کے اعلٰی اختیاری ادارے سینیٹ میں بھی اٹھ گئی ۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے بدھ کے روز سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت کے رہنماء ناصر شیرازی کو غائب ہوئے کئی دن ہو گئے ہیں اور اب تک انکی بازیابی نہیں ہو سکی ہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ ناصر شیرازی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ پر رانا ثناء اللہ کی جانب سے دئیے گئے بیان پر لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کی تھی جس کے باعث ان کا اغواء کیا گیا۔ کامل علی آغا نے چیئرمین سینٹ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس مسئلہ کو دیکھیں اور وفاقی وزیر داخلہ کو سینیٹ میں بلائیں تاکہ وہ بتائیں کہ ناصر شیرازی کس حال میں ہیں اور کہاں ہیں ۔ کامل علی آغا کی بات کو سنتے ہوئے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعہ ۲۴ نومبر کو سینیٹ میں طلب کرلیا ہے ۔








